بھارت اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کے حوالہ سے رپورٹ کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا سیمینار سے خطاب

اسلام آباد ۔ 19 جولائی (اے پی پی)دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کے حوالہ سے رپورٹ کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہا ہے تاکہ وہ اسے غلط دستاویز کے طور پر ثابت کر سکے تاہم اس رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے بربریت …

اسلام آباد ۔ 19 جولائی (اے پی پی)دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کے حوالہ سے رپورٹ کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہا ہے تاکہ وہ اسے غلط دستاویز کے طور پر ثابت کر سکے تاہم اس رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے بربریت اور ظلم و ستم کی واضح طور پر نشاندہی کی گئی ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں یوتھ فار کشمیر کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما الطاف حسین وانی، جنیوا میں پاکستان کے سفیر ضمیر اکبر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شرکاءنے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالہ سے شائع ہونے والی رپورٹ کے بعد بھارت کو اس مسئلہ پر عالمی دباﺅ کا سامنا ہے۔ مقررین نے اس رپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہی کیلئے اجازت دینے سے انکاری ہے اور وہ اس کیلئے مختلف بہانے تراش رہا ہے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے اور معصوم افراد کے خلاف بربریت کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالہ سے سامنے آنے والی رپورٹ نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ پاکستان کی طرف سے نہیں آئی جو دنیا کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو سامنے لاتا رہا ہے بلکہ یہ ایک مستند عالمی ادارہ کی رپورٹ ہے جس میں تمام حقائق سامنے لائے گئے ہیں۔ جنیوا میں پاکستان کے سفیر ضمیر اکبر نے کہا کہ مغربی ممالک کشمیر پر اقوام متحدہ کی رپورٹ کی حمایت کر رہے ہیں، بھارت اس رپورٹ میں سامنے آنے والے حقائق کو مسخ کرنے کیلئے گمراہ کن مہم شروع کئے ہوئے ہے۔ الطاف حسین وانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ سے زائد بھارتی فوجی تعینات کئے گئے ہیں جو طویل عرصہ سے اس علاقہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں مصروف ہیں، بھارت عالمی سطح پر کشمیر کے خلاف منفی پروپیگنڈا کر رہا ہے تاہم وہ اس مذموم مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

مزید خبریں