بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل (کل) کھیلا جائے گا

بنگلور ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) بھارت اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا آخری میچ (کل) اتوار کو بنگلور میں کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم بھارت کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں بھارت نے مہمان ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ بھارتی ٹیم ویرات کوہلی کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ جنوبی افریقا کی کپتانی کے فرائض کوئنٹن ڈی کاک انجام دیں گے۔ آخری ٹی 20 میں دونوں ٹیموں کے مابین دلچسپ مقابلے کی توقع ہے، ٹی 20 سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔