بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں دریاؤں کے کنارے جنگلات خطرات سے دوچار

ماہرین کے مطابق بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں کے باعث پانی کی قلت میں اضافے سے پاکستان کے دریاؤں کے کنارے موجود جنگلات، حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی نظام کو سنگین خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔

پشاور۔ 12 جولائی (اے پی پی):دریائے سندھ، چناب اور جہلم کے کنارے جنگلات کے وسیع سلسلے قدرتی طور پر صدیوں سے موجود ہیں۔ ہر مون سون کے موسم میں بپھرے ہوئے دریا سیلابی میدانوں کو پانی فراہم کرتے ہیں جس سے ان جنگلات کی آبیاری ہوتی ہے، جنگلی حیات کے مسکن دوبارہ بحال ہوتے ہیں اور لاتعداد بستیاں قائم رہتی ہیں۔

جنگلات کے ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر مغربی دریاؤں کا بہاؤ منقطع ہوا تو بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی طویل خلاف ورزیوں کی وجہ سے دریا کنارے جنگلات معدوم ہونے کا خطرہ ہے۔ماحولیات اور جنگلات کے ماہرین کو گہری تشویش ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی طویل خلاف ورزیاں دریاؤں کے قدرتی بہاؤ کو کم کر سکتی ہیں جو خاص طور پر سندھ اور پنجاب میں پاکستان کے دریائی جنگلات کی بقا کےلیے انتہائی ضروری ہیں۔ عام طور پر کچھی جنگلات کے نام سے جانے جانے والے یہ قدرتی طور پر اگنے والے جنگلات دریا کے کناروں اور سیلابی میدانوں کے ساتھ اگتے ہیں۔ مصنوعی آبپاشی کے نظام کے تحت لگائے گئے درختوں کے برعکس یہ تقریباً مکمل طور پر مصنوعی پانی دینے کے نظام کے بجائے موسمی سیلاب پر انحصار کرتے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے سابق کنزرویٹر آف فارسٹس توحید خان کے مطابق مغربی دریاؤں کا سالانہ بہاؤ ان جنگلات کی لائف لائن ہے۔ انہوں نے قومی خبر رساں ادارے "اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دریا کنارے جنگلات کو دوبارہ اگنے اور بڑھنے کےلیے سیلاب کے قدرتی پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر دریا کے بہاؤ میں یہ رکاوٹ طویل عرصے تک جاری رہی تو ان جنگلات کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔ سندھ میں سب سے زیادہ دریائی جنگلات موجود ہیں جو دریائے سندھ کے ساتھ تقریباً 241,198 ہیکٹر پر پھیلے ہوئے ہیں۔ یہ ٹھٹہ، حیدرآباد، دادو، لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، خیرپور، سکھر، شکارپور، گھوٹکی اور کندھ کوٹ سمیت دیگر اضلاع تک پھیلے ہوئے ہیں۔ پنجاب میں دریائے سندھ، جہلم، چناب اور راوی کے ساتھ بکھرے ہوئے ٹکڑوں میں تقریباً 54,000 ہیکٹر پر دریائی جنگلات موجود ہیں۔ اہم مقامات میں جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ کا بجوات کاعلاقہ، قصور اور اوکاڑہ شامل ہیں۔ اپنی سرسبز و شاداب ظاہری شکل سے ہٹ کر دریائی جنگلات ایک ایسا ماحولیاتی کردار ادا کرتے ہیں جسے آسانی سے بدلا نہیں جا سکتا۔ یہ دریا کے کناروں کو مضبوط بناتے ہیں، مٹی کے کٹاؤ کو کم کرتے ہیں، زیرِ زمین پانی کو دوبارہ چارج کرنے میں مدد کرتے ہیں اور سیلاب کے دوران قدرتی رکاوٹوں کا کام کرتے ہیں۔ جنگلی حیات کے لیے یہ ناگزیر ہیں اور ان کی افزائش کےلیے لائف لائن کے طور پر کام کرتے ہیں۔ یہ جنگلات ہوگ ڈیئر، جنگلی سور، گیدڑ اور بے شمار مقامی و ہجرت کرنے والے پرندوں جیسی انواع کے لیے پناہ گاہیں اور افزائشِ نسل کے میدان فراہم کرتے ہیں۔ ان کی گھنی نباتات ان کیڑوں مکوڑوں اور پولینیٹرز کی بھی مدد کرتی ہیں جو ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔ پانی کے مناسب بہاؤ کے بغیر قدرتی بحالی کا عمل کم ہو جاتا ہے جس سے ان جنگلاتی ماحولیاتی نظاموں کی طویل مدتی بقا کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔ اس کا اثر صرف جنگلی حیات تک محدود نہیں ہے۔ ان جنگلات میں شہد کی مکھیاں پھل دار درختوں پر انحصار کرتے ہیں۔جنگلات کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جنگلات کے سکڑتے ہوئے رقبے اور درختوں کی گرتی ہوئی صحت سے شہد کی پیداوار کم ہو سکتی ہے جس سے شہد کی مکھیاں پالنے والوں اور ان مقامی کمیونٹیز کا روزگار متاثر ہو سکتا ہے جو آمدنی کے لیے جنگل کے وسائل پر انحصار کرتی ہیں۔ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ دریائی جنگلات کے حوالے سے تشویش پانی کی حفاظت اور ماحولیاتی نظام کی صحت کے درمیان گہرے تعلق کو واضح کرتی ہے۔ دریا کے قدرتی بہاؤ میں کسی بھی طویل مدتی خلل کے جنگلات، حیاتیاتی تنوع اور دیہی روزگار پر مسلسل برے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی غیر قانونی معطلی سندھ اور پنجاب میں میٹھے پانی کے بہاؤ کو نمایاں طور پر کم کر سکتی ہے جس سے صوبوں کے دریائی جنگلات اور مینگروو جنگلات بڑھتے ہوئے ماحولیاتی دباؤ کا شکار ہو جائیں گے اور ان لاکھوں لوگوں کا روزگار خطرے میں پڑ جائے گا جو ڈیلٹا سندھ پر انحصار کرتے ہیں۔ ماہرین کو خدشہ ہے کہ دریا کے بہاؤ میں کسی بھی طویل مدتی کمی سے ماحولیاتی تنزلی تیز ہو سکتی ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات شدید ہو سکتے ہیں۔ محکمہ جنگلات کے سابق ڈائریکٹر افتخار خلیل نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ جنگلات نہ صرف عمارتی لکڑی اور جلانے والی لکڑی کا ایک اہم ذریعہ ہیں بلکہ یہ کاربن جذب کرنے والے بڑے ذخائر کے طور پر بھی کام کرتے ہیں، مقامی آب و ہوا کو منظم کرتے ہیں، حیاتیاتی تنوع کا تحفظ کرتے ہیں اور ماہی گیری، لائیوسٹاک اور زراعت پر منحصر ہزاروں خاندانوں کی مدد کرتے ہیں۔ سندھ طاس معاہدہ جس پر 1960 میں پاکستان کے صدر فیلڈ مارشل ایوب خان اور بھارت کے وزیراعظم جواہر لال نہرو نے عالمی بینک کو ضامن بنا کر دستخط کیے تھے، کے تحت مغربی دریاؤں یعنی سندھ، جہلم اور چناب کا پانی پاکستان کو دیا گیا تھا جبکہ بھارت کو مشرقی دریاؤں راوی، ستلج اور بیاس پر حقوق حاصل ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میٹھے پانی کی آمد میں کمی سے دریائی اور مینگروو جنگلات کی قدرتی بحالی کا عمل نمایاں طور پر کم ہو جائے گا، کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے کی ان کی صلاحیت کمزور ہو جائے گی اور جنگلی حیات، مچھلیوں، مکھیوں اور ہجرت کرنے والے پرندوں کے مسکن کم ہو جائیں گے۔ عمارتی لکڑی، جلانے کی لکڑی اور چرنے کے وسائل پیدا کرنے کے علاوہ یہ دریائی جنگلات بے شمار پودوں اور جانوروں کی انواع کو مسکن فراہم کرتے ہیں، شہد کی پیداوار اور ماہی گیری میں مدد کرتے ہیں، دریا کے کناروں کو کٹاؤ سے بچاتے ہیں اور مون سون کے موسم میں سیلابی پانی کو سست کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ کا سالانہ سیلاب ان جنگلات کے لیے لائف لائن کا کام کرتا ہے۔ باقاعدہ سیلاب کے بغیر، قدرتی بحالی کا عمل تیزی سے مشکل ہو جاتا ہے اور جنگلی حیات، ماہی گیری اور انسانوں کی آبادی متاثر ہوتی ہے۔خیبر پختونخوا کے سابق چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف مبارک علی نے کہا کہ گدو اور کوٹری بیراجوں تک میٹھے پانی کی رسائی میں کمی کے انڈس ڈیلٹا پر منفی نتائج مرتب ہو سکتے ہیں۔ جیسے جیسے سمندری پانی اندرون ملک بڑھے گا، زرعی زمینیں بڑھتی ہوئی نمکیات اور سیم و تھور کا شکار ہو سکتی ہیں، جس سے فصلوں کی پیداوار کم ہو جائے گی اور ساحلی علاقوں میں غذائی تحفظ اور جنگلی حیات کے تحفظ کے پروگراموں کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔ میٹھے پانی کے سکڑتے ہوئے بہاؤ سے عالمی سطح پر اہم انواع، بشمول معدومیت کے خطرے سے دوچار انڈس ڈولفن بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے جبکہ ان نازک مینگروو جنگلات پر اضافی دباؤ پڑے گا جو سمندری طوفانوں، ساحلی کٹاؤ اور طوفانی لہروں کے خلاف قدرتی رکاوٹوں کا کام کرتے ہیں۔ مبارک علی نے خبردار کیا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں مزید ماحولیاتی تنزلی غربت کو گہرا کر سکتی ہے، نقل مکانی کا سبب بن سکتی ہے اور پاکستان کے سب سے زیادہ کمزور خطوں میں سے ایک میں موسمیاتی مدافعت کو نقصان پہنچا سکتی ہے کیونکہ بھارت پاکستان میں بھوک اور افلاس کا راج قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارتی حکومت کے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے ماہرین نے کہا کہ یہ غیر قانونی اقدام بین الاقوامی قانون کو کمزور کرتا ہے، علاقائی استحکام کو خطرے میں ڈالتا ہے اور دریائے سندھ کے نظام پر منحصر لاکھوں لوگوں کے لیے پانی کی حفاظت پر سنگین خدشات پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی تک رسائی کو بین الاقوامی سطح پر ایک بنیادی انسانی حق کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے اور پانی کے وسائل کو محدود یا سیاست کی نذر کرنے کی کسی بھی کوشش کے دور رس انسانی نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔اقوام متحدہ نے واضح طور پر پانی تک رسائی کو ایک بنیادی انسانی حق تسلیم کیا ہے۔ دریائے سندھ کے زیریں علاقے کی ریاست کےلیے دریا کے پانی کے بہاؤ کو محدود کرنا سنگین قانونی اور انسانی خدشات پیدا کرتا ہے کیونکہ یہ براہ راست لاکھوں لوگوں کے زندگی، صحت اور مناسب معیارِ زندگی کے حقوق کو متاثر کرتا ہے۔ اپریل 2025 کے پہلگام واقعے کے بعد سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا بھارت کا غیر ضروری فیصلہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں، عالمی بینک کی ضمانت اور بین الاقوامی معاہدے کی ذمہ داریوں کے منافی ہے۔ معاہدے کے تحت تنازعات کے حل کے طریقہ کار کو استعمال کرنے کے بجائے بھارت نے پانی کے تعاون کو وسیع تر سیاسی اور سیکیورٹی تنازعات سے جوڑنے کی کوشش کی ہے جس سے برصغیر کا امن خطرے میں پڑ جائے گا۔ معاہدے میں پہلے سے ہی دوطرفہ بات چیت، غیر جانبدار ماہرین اور بین الاقوامی ثالثی کے ذریعے اختلافات کو دور کرنے کے جامع طریقے موجود ہیں۔اس طریقہ کار کو بائی پاس کرنا بین الاقوامی معاہدوں پر اعتماد کو کمزور کرتا ہے اور عالمی معاہدوں کےلیے بھارت کی بے توقیری کو ظاہر کرتا ہے۔ ماہرین نے کہا کہ پانی کے وسائل پر پابندیاں کمزور کمیونٹیز، خاص طور پر خواتین، بچوں اور دیہی آبادیوں کو متاثر کرتی ہیں جن کا روزگار زیادہ تر زراعت، ماہی گیری، جنگلات، پانی اور مویشیوں پر منحصر ہے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت پانی اور خوراک کو عالمی سطح پر انسان کی لازمی ضرورت کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے اور انہیں کبھی بھی دوسروں کے خلاف سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔معاہدے کو معطل رکھنے کا بھارت کا دعویٰ اشتعال انگیز ہے اور اس سے اہم قانونی اور ماحولیاتی سوالات جنم لیتے ہیں۔ بین الاقوامی قانون کے تحت معاہدے عام طور پر نافذ العمل رہتے ہیں جب تک کہ انہیں قانونی طور پر ختم نہ کیا جائے، باہمی معاہدے کے ذریعے معطل نہ کیا جائے یا تسلیم شدہ قانونی اصولوں کے مطابق مادی طور پر ان کی خلاف ورزی نہ کی گئی ہو۔ سندھ طاس معاہدہ اس طرح سے ڈیزائن کیا گیا تھا کہ وہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سیاسی بحرانوں اور فوجی تنازعات میں بھی قائم رہے۔ یہ معاہدہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ہے اور کوئی بھی فریق یکطرفہ طور پر اسے معطل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مستقل ثالثی عدالت کے سامنے حالیہ کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو معاہدے کے فریم ورک کے تحت دستیاب قانونی چارہ جوئی کے تمام حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقل مؤقف رہا ہے کہ تنازعات کو یکطرفہ اقدامات اور پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے بجائے معاہدے میں پہلے سے فراہم کردہ طریقہ کار کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ ماہرین نے خبردار کیا کہ پانی کو سیاسی آلے کے طور پر استعمال کرنے کی کوششیں بین الاقوامی تعلقات میں خطرناک مثالیں قائم کر سکتی ہیں۔ اگر اس نام نہاد اصول کو قبول کر لیا جائے کہ دریا کے اوپر حصے پر واقع ریاست یکطرفہ طور پر پانی کی شراکت داری کے انتظامات کو معطل کر سکتی ہے تو اس کے منفی اثرات جنوبی ایشیا سے کہیں آگے تک جا سکتے ہیں اور یہ ممکنہ طور پر دیگر بین الاقوامی دریاؤں کے تنازعات پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، پانی کی بڑھتی ہوئی قلت اور بڑھتی ہوئی آبادی قائم کردہ پانی کی شراکت داری کے معاہدوں پر عمل درآمد کو پہلے سے کہیں زیادہ اہم بناتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پانی کے تعاون کے حوالے سے طویل غیر یقینی صورتحال زرعی پیداواری صلاحیت، دریائی جنگلات، غذائی تحفظ اور دیہی روزگار کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے۔ماحولیاتی نتائج بھی سامنے آ سکتے ہیں، بشمول میٹھے پانی کے بہاؤ میں کمی جو ویٹ لینڈز، مینگروو جنگلات، ماہی گیری اور حیاتیاتی تنوع کو متاثر کرتی ہے۔ماہرین نے کہا کہ سند طاس معاہدے کے مطابق ڈیٹا کے اشتراک میں تاخیر، تکنیکی تعاون میں کمی اور بھارت کی جانب سے پانی کے بنیادی ڈھانچے پر طویل تنازعات ان اعتماد سازی کے اقدامات کو کمزور کر سکتے ہیں جو کئی دہائیوں کے دوران اس معاہدے کے تحت قائم کیے گئے ہیں۔ افتخار خلیل نے کہا کہ ہمارا مقصد تصادم نہیں بلکہ بین الاقوامی وعدوں کی تعمیل ہے۔ معاہدوں کا مقصد خاص طور پر سیاسی کشیدگی کے ادوار کے دوران یقین اور استحکام فراہم کرنا ہوتا ہے۔ ماہرین نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ ایسے وقت میں جب موسمیاتی تبدیلی جنوبی ایشیا میں پانی کی قلت کو شدید کر رہی ہے، سرحد پار پانی کے تعاون کے لیے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ میکانزم کو برقرار رکھنا علاقائی امن، پائیدار ترقی اور ان لاکھوں لوگوں کی بہبود کے لیے ضروری ہے جو سندھ طاس پر انحصار کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی برادری تجارت سے بالاتر ہو کر سوچے گی اور فاشسٹ مودی حکومت پر دباؤ ڈالے گی کہ وہ سندھ طاس معاہدے کو بحال کرے جو خطے میں امن اور لاکھوں لوگوں کی زندگی کے لیے ناگزیر ہے۔ دریائے سندھ کے قدرتی بہاؤ کا تحفظ نہ صرف جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ضروری ہے بلکہ ان لاکھوں لوگوں کی معاشی سلامتی، ماحولیاتی پائیداری اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے بھی ناگزیر ہے جن کی زندگیاں اس عظیم دریا کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔ جیسے ہی مون سون کا ایک اور سیزن شروع ہو رہا ہے ماہرین نے زور دیا کہ دریاؤں کے قدرتی بہاؤ کو برقرار رکھنا نہ صرف زراعت کے لیے اہم ہے بلکہ پاکستان کے منفرد دریائی جنگلات جو کہ زندہ ماحولیاتی نظام ہیں اور جن کا مستقبل ان پانیوں پر منحصر ہے جنہوں نے نسلوں سے ان کا ساتھ دیا ہے، کے تحفظ کے لیے بھی ناگزیر ہے۔