پی ایس ایل11کی چیمپئن پشاور زلمی سیزن کی سب سے زیادہ انٹرٹیننگ ٹیم قرار

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کی چیمپئن پشاور زلمی کو شائقین کے ووٹوں کی بنیاد پر سیزن کی سب سے زیادہ انٹرٹیننگ ٹیم قرار دیا گیا، جہاں فین پول میں ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹوں کے ذریعے ٹیم نے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

لاہور۔12جولائی (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کی چیمپئن پشاور زلمی کو سیزن کی سب سے زیادہ انٹرٹیننگ ٹیم قرار دے دیا گیا۔ پی ایس ایل کے فین پول میں ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹوں کے ذریعے پشاور زلمی نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

پشاور زلمی نے نہ صرف میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا بلکہ ڈیجیٹل دنیا میں بھی اپنی برتری ثابت کی۔ پی ایس ایل 11 کے دوران ٹیم کے ڈیجیٹل مواد کو 952.6 ملین ویوز حاصل ہوئے، جبکہ مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مجموعی طور پر 1.98 بلین امپریشنز ریکارڈ کیے گئے۔اسی دوران پشاور زلمی کے سوشل میڈیا اکائونٹس پر 12 لاکھ 38 ہزار نئے فالوورز کا اضافہ ہوا، جبکہ ٹیم نے سیزن کے دوران 4 ہزار 500 سے زائد ڈیجیٹل پوسٹس شیئر کیں۔ اسی طرح فین انگیجمنٹ اور ڈیجیٹل رسائی کے حوالے سے بھی پشاور زلمی نے نئے ریکارڈ قائم کیے۔پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اس اعزاز کو زلمی فینز کی محبت، اعتماد اور مسلسل حمایت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مداحوں کی غیر معمولی وابستگی ہی ٹیم کی اصل طاقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی پاکستان کی مقبول ترین و متحرک اسپورٹس فرنچائزز میں شامل اور یہ اعزاز پوری زلمی فیملی کے لیے باعثِ فخر ہے۔پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل جیتنے کے بعد پشاور زلمی نے سب سے زیادہ انٹرٹیننگ ٹیم کا اعزاز بھی اپنے نام کر کے کامیابیوں میں ایک اور اہم سنگ میل کا اضافہ کر دیا ہے۔