حکومت بلوچستان کا معصوم اور بے گناہ مزدوروں کے قتل کا نوٹس

حکومت بلوچستان نے ماشکیل میں فائرنگ کے واقعے میں پانچ بے گناہ مزدوروں کے قتل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے تاکہ ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

کوئٹہ۔ 12 جولائی (اے پی پی):حکومت بلوچستان نے ماشکیل میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں پانچ معصوم اور بے گناہ مزدوروں کے قتل کے افسوسناک واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔

معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کا قتل ایک گھناؤنا جرم ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی ۔ شاہد رند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری، جامع تحقیقات اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اندوہناک واقعے میں ملوث کوئی بھی شخص قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی ہر کوشش کو ریاست پوری قوت سے ناکام بنائے گی، حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے اور امن کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور عوام کو انصاف کی بروقت فراہمی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ واقعے کی تحقیقات میرٹ پر مکمل کی جائیں گی اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

مزید خبریں