سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا یومِ شہدائے کشمیر پر کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ شہدائے کشمیر پر کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے حقِ خودارادیت اور اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے سات دہائیوں سے زائد عرصہ پر محیط جدوجہد کے دوران اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں ہیں جنہیں تاریخ میں ہمیشہ احترام اور عقیدت کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔

اتوار کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء نے حق، انصاف اور انسانی وقار کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش باب رقم کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ یومِ شہدائے کشمیر 13 جولائی 1931ء کے اس تاریخی واقعے کی یاد میں منایا جاتا ہے جب سری نگر سینٹرل جیل کے باہر ڈوگرہ راج کے خلاف احتجاج کرنے والے نہتے کشمیریوں پر فائرنگ کی گی جس کے نتیجے میں 22 کشمیری شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان شہداء کی قربانیوں نے کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو نئی جہت دی۔انہوں نے کہا کہ یومِ شہدائے کشمیر ہمیں کشمیری شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنے اور حق، انصاف اور انسانی وقار کے اصولوں کے لیے اپنے عزم کو مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے مشکلات کے باوجود جس عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے وہ جراءت اور استقامت کی مثال ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت کی ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کے لیے قومی و بین الاقوامی آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے بھی اس حوالے سے اپنا مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق خلاف ورزیوں کے خلاف متحدد متفقہ قراردادوں منظور کر کے عالمی برادری کی توجہ مسئلۂ جموں و کشمیر کی جانب مبذول کرائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے پاکستان کی پارلیمان انسانی حقوق، انصاف اور امن کے اصولوں کے مطابق اپنا کردار جاری رکھے گی۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسئلۂ جموں و کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر مسئلہ جموں و کشمیر کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے،مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لینے، کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے پر زور دیا۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ دن نہیں جب کشمیری عوام امن، آزادی اور خوشحالی کی فضا میں زندگی گزار سکیں گے اور ان کی آنکھوں میں بسے بہتر مستقبل کے خواب شرمندۂ تعبیر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی خوشحالی، ترقی اور امن و سکون ہی خطے کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ شہدائے کشمیر کشمیری عوام کی قربانیوں، عزم اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیاں جراءت، استقامت اور حق و انصاف کے لیے جدوجہد کی لازوال داستان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے بنیادی حقوق کے لیے غیر معمولی عزم اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور اس امر پر یقین رکھتی ہے کہ کشمیری عوام کی جائز امنگوں کا احترام اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہی خطے میں پائیدار امن و استحکام کی بنیاد ہے۔