بھکر، ڈپٹی کمشنر نے خسرہ اور روبیلہ سے بچاؤ کی 12 روزہ قومی ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز ڈی ایچ کیو میں کر دیا گیا

بھکر۔ 17 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی 12 روزہ قومی ویکسی نیشن مہم کا باقاعدہ آغاز ڈی ایچ کیو ہسپتال بھکر میں ایک بچے کو حفاظتی ویکسین پلا کر کیا۔اس موقع پر سی ای او صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ،ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر احسان اللہ خان سمیت محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔ سی ای او …

بھکر۔ 17 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی 12 روزہ قومی ویکسی نیشن مہم کا باقاعدہ آغاز ڈی ایچ کیو ہسپتال بھکر میں ایک بچے کو حفاظتی ویکسین پلا کر کیا۔اس موقع پر سی ای او صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ،ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر احسان اللہ خان سمیت محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔

سی ای او صحت وآبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں 6 ماہ سے 5 سال تک کی عمر کے 2 لاکھ سے زائد بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی جو بچوں کو پیچیدہ اور مہلک بیماریوں سے عمر بھر کیلئے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مہم کیلئے 213 خصوصی ویکسی نیشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ضلع بھر میں اپنے فرائض سرانجام دیں گی۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اور انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہدف کا 100 فیصد حصول ہر قیمت پر یقینی بنایاجائےاور ہیلتھ ٹیموں کی مانیٹرنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو خسرہ و روبیلا جیسے خطرناک امراض سےمحفوظ رکھنے کیلئے ویکسی نیشن ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو ویکسین کے قطرے لازمی پلوائیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہیلتھ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران اگر کوئی ریفیوزل کیس سامنے آئے تو فوری طور پر متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر سے رابطہ کیا جائےتاکہ ضلع میں 6 ماہ سے 5 سال تک کی عمر کا کوئی بھی بچہ حفاظتی ویکسین سے محروم نہ رہے۔