بہاولپور کو کاٹن ویلی میں تبدیل کرنے کا جامع پلان تشکیل دیا جا رہا،جوکپاس کی بحالی کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا، سیکرٹری زراعت پنجاب

ملتان۔ 07 دسمبر (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ میں زرعی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات پر عملدرآمد پوری کامیابی سے جاری ہے،ان اقدامات کا مقصد زراعت کے شعبے میں درپیش چیلنجز پر قابو پانا اورجدید سائنسی و تحقیقی بنیادوں پر زرعی پیداوار کو فروغ دینا ہے،بہاولپور کو کاٹن ویلی میں تبدیل کرنے کا …

ملتان۔ 07 دسمبر (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ میں زرعی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات پر عملدرآمد پوری کامیابی سے جاری ہے،ان اقدامات کا مقصد زراعت کے شعبے میں درپیش چیلنجز پر قابو پانا اورجدید سائنسی و تحقیقی بنیادوں پر زرعی پیداوار کو فروغ دینا ہے،بہاولپور کو کاٹن ویلی میں تبدیل کرنے کا جامع پلان تشکیل دیا جا رہاہے،جوکپاس کی بحالی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں اپنی زیر صدارت محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں کپاس کی فصل کو درپیش چیلنجز اور ان پر قابو پانے کیلئے منعقدہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قومی کانفرنس میں زرعی ماہرین، کپاس کے کاشتکاروں،پالیسی سازوں،محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ کپاس کی بحالی اور اس کے مسائل کے حل کے لیے تاریخی نوعیت کے اس قومی مشاورتی سیشن کا مقصد تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو یکجا کرنا،کپاس کی فصل کو درپیش چیلنجز کی نشاندہی کرنا اور ان کے حل کے لیے قابل عمل اور پائیدار تجاویز پیش کرنا ہے۔

افتخار علی سہو نے کہا کہ کپاس کی فصل کو موسمیاتی تبدیلیوں، جدید ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی اور کاشتکاروں کو درپیش مالی مسائل جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے،ان مسائل پر قابو پانے کے لیے محکمہ زراعت ہر ممکن وسائل فراہم کرے گا اور اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ ان تجاویز پر عملدرآمد کے لیے حکومت پنجاب کی مکمل حمایت حاصل ہوگی،بہاولپور کو کاٹن ویلی میں تبدیل کرنے کا جامع پلان تشکیل دیا جا رہا ہے،جو کپاس کی بحالی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کے کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انشورنس پروگرام کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، اس پروگرام کا مقصد کاشتکاروں کو ممکنہ مالی نقصانات سے بچانا اور انہیں جدید زرعی ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنا ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں محکمہ زراعت پنجاب کپاس کی بحالی کے لیے مکمل عزم کے ساتھ کام کر رہا ہے،

کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی اپنائی جائے گی۔اس دوران وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ علی طاہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی بحالی پاکستان کی زرعی اور اقتصادی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے،وفاقی حکومت اس اہم مقصد کے حصول کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کپاس نہ صرف زراعت بلکہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے کہا کہ یونیورسٹی کپاس کی بحالی کے سلسلے میں محکمہ زراعت کے ساتھ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔کانفرنس میں ٹیکنیکل سیشن کے دوران ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز نے کپاس کی بحالی کے لیے گہرائی سے غور و خوض کیا اور قیمتی آراء فراہم کیں۔

ان آراء کی روشنی میں قابلِ عمل تجاویز مرتب کی گئیں، جنہیں متعلقہ فورمز میں پیش کیا جائے گا۔علاوہ ازیں مشاورتی سیشن میں ایم پی اے عون ڈوگر، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ، سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز خان مگسی، شبیر احمد خان ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس، ڈاکٹر یوسف ظفر وائس پریزیڈنٹ پی سی سی سی، ڈائریکٹر جنرلز زراعت پنجاب عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر ساجد الرحمن، ڈاکٹر خالد حمید تارا گروپ، آصف مجیدسی ای اوایویال گروپ، ڈاکٹر عابد محمود ایکس سی ای او پارپ، ڈاکٹر اقبال بندیشہ کاٹن ایکسپرٹ، ڈاکٹر محمد انجم علی،ڈاکٹر آصف علی،اپٹماسے ڈاکٹر جاوید حسن، خالد محمود کھوکھر، سید حسن رضا، سردار جمیل خان بزدار و دیگر موجود تھے۔

مشاورتی سیشن میں وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ علی طاہر، ڈائریکٹر جنرل فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن محمد اعظم خان،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع سندھ مرید احمد جمالی،ڈائریکٹر جنرل زراعت بلوچستان مسعود خان،ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی فرزانہ شاہ،،ڈائریکٹر کیمب ڈاکٹر اللہ بخش،انجینئر جاوید سلیم قریشی،ڈاکٹر جسومل،احسن باجوہ سمیت دیگر نے آن لائن شرکت کی۔