اسلام آباد۔یکم اکتوبر (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بہترین خارجہ پالیسی کیلئے ملکی معیشت کا استحکام ناگزیر ہے،ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے دیگر ممالک کے ساتھ تجارت اور برآمدات کو بڑھانا ہو گا۔وہ جمعرات کو وزارت خارجہ میں منعقدہ معاشی سفارت کاری کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں مختلف ممالک میں قائم تیس پاکستانی سفارتخانوں …
بہترین خارجہ پالیسی کیلئے ملکی معیشت کا استحکام ناگزیر ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کامعاشی سفارت کاری کے اجلاس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔یکم اکتوبر (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بہترین خارجہ پالیسی کیلئے ملکی معیشت کا استحکام ناگزیر ہے،ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے دیگر ممالک کے ساتھ تجارت اور برآمدات کو بڑھانا ہو گا۔وہ جمعرات کو وزارت خارجہ میں منعقدہ معاشی سفارت کاری کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں مختلف ممالک میں قائم تیس پاکستانی سفارتخانوں کے سفرائ نے ویڈیو لنک کے زریعے شرکت کی۔اجلاس میں شریک ہر مشن نے معاشی سفارت کاری کے حوالے سے متعینہ اہداف کے حصول کیلئے کی جانے والی کاوشوں پر وزیر خارجہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بہترین خارجہ پالیسی کیلئے ملکی معیشت کا استحکام ناگزیر ہے۔ ہمیں اپنی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے دیگر ممالک کے ساتھ اپنی تجارت اور ایکسپورٹ کے حجم کو بڑھانا ہو گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم عمران خان کے وڑن کو عملی جامہ پہنانے اور عالمی سطح پر پاکستان کے معاشی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے "معاشی سفارت کاری” کا عملی طور پر آغاز کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افریقہ کے مابین معاشی و تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے ہم نے گذشتہ سال،وزارتِ تجارت کے ساتھ ملکر، وزارتِ خارجہ میں "انگیج افریقہ” کانفرنس کا انعقاد کیا۔اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ہم نے وزارت تجارت کے تعاون سے 30 اور 31 جنوری 2020 کو نیروبی میں "پہلی پاک افریقہ ٹریڈ ڈویلمنٹ کانفرنس” کا کامیابی سے انعقاد کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کنیکٹ ایف ایم پروگرام کے تحت میں نے پرائیویٹ سیکٹر سے وابستہ ملک کے صف _اول کے کاروباری حضرات کو وزارت خارجہ میں مدعو کیا اور ان کے ساتھ معاشی سفارت کاری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ان کی طرف سے سامنے آنے والی تجاویز کو اپنے سفارت کاروں تک پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ کرونا عالمی وبائی صورتحال کے باعث، معاشی مضمرات کو کم کرنے اور معاشی استحکام کے حصول کیلئے ہمیں مزید محنت درکار ہوگی۔وزیر خارجہ نے معاشی سفارت کاری کے حوالے سے طے کردہ اہداف کے حصول کیلئے سفرا کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔








