بہتر ملکی مفاد اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت اور اس کے اتحادیوں کی سوچ یکساں ہے،ان کے خدشات دور کئے جائینگے اور اتحاد قائم رہے گا،سیالکوٹ’ لاہور موٹر وے ایسٹرن بائی پاس مشکل کام تھا جسے حکومت نے مکمل کیا، وفاقی وزیر شفقت محمود کی میڈیا سے گفتگو

لاہور۔8 فروری(اے پی پی )وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک کے بہتر مفاد اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت اور اس کے اتحادیوں کی سوچ یکساں ہے، جب بھی اتحادی حکومتیں بنتی ہیں تو وقتاً فوقتاً ایشوز بنتے رہتے ہیں، اتحادیوں کے تمام خدشات دور کئے جائیں گے اوران سے حکومت کا اتحاد قائم رہے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں …

لاہور۔8 فروری(اے پی پی )وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک کے بہتر مفاد اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت اور اس کے اتحادیوں کی سوچ یکساں ہے، جب بھی اتحادی حکومتیں بنتی ہیں تو وقتاً فوقتاً ایشوز بنتے رہتے ہیں، اتحادیوں کے تمام خدشات دور کئے جائیں گے اوران سے حکومت کا اتحاد قائم رہے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں محمود بوٹی کے نزدیک ایسٹرن بائی پاس کے افتتاح کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی اور مہنگائی پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے لندن جانے کا تعلق نواز شریف کے علاج سے نہیں بنتا تاہم معاملہ عدالت میں ہے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ جن پراجیکٹس کے فنڈز جاری ہوچکے تھے ان کو مکمل کرایا جارہاہے’ ایسٹرن بائی پاس ان میں سے ایک ہے۔واضح رہے ایسٹرن بائی پاس کا فاصلہ سولہ کلو میٹر ہے جس پرتیس کروڑ روپے مالیت آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ’ لاہور موٹر وے ایسٹرن بائی پاس مشکل کام تھا لیکن ہماری حکومت نے اسے مکمل کیا’ اس منصوبے سے اسلام آباد سے آنے اور جانیوالوں کیلئے آسانی ہو گی’ دوسرے شہروں سے آنیوالوں کو ٹھوکر نیاز بیگ نہیں جانا پڑیگا’ ٹھوکر اور سیالکوٹ لاہور موٹر وے ایسٹرن بائی پاس کا دوسرا راستہ بن جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ترقیاتی کام اپنے منشور کے تحت مکمل کر رہی ہے اور انشاء اللہ باقی ترقیاتی کاموں کا ہدف بھی جلد مکمل کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کیلئے بہت ضروری تھا’ یہ راستہ نہ صرف براہ راست سیالکوٹ جائے گا بلکہ اسلام آباد جانے والے مسافر کالا شاہ کاکو سے ٹرن لے کراپنی منزل پر پہنچ سکیں گے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ این ایچ اے کے چیئرمین سکندر قیوم لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایسٹرن بائی پاس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد عمران خان،ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر کاشف علی اور ایم این کرامت کھوکھر بھی موجود تھے۔