بیرون ملک جانے کے سب خواہش مند ہیں،سندھ حکومت آصف زرداری کے احتساب میں رکاوٹ تھی،وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

ملتان ۔ 24 نومبر(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ہمارے ملک میں کوئی بھی احتساب سے نہیں گزرنا چاہتا اور سب کی بیرون ملک جانے کی خواہش ہے۔وہ اتوارکے روز ملتان میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ہٹ دھرمی جاری ہے، مقبوضہ وادی میں کرفیو کو112روز ہوچکے ہیں، کشمیر کے مسئلے پرسیاسی جماعتوں …

ملتان ۔ 24 نومبر(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ہمارے ملک میں کوئی بھی احتساب سے نہیں گزرنا چاہتا اور سب کی بیرون ملک جانے کی خواہش ہے۔وہ اتوارکے روز ملتان میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ہٹ دھرمی جاری ہے، مقبوضہ وادی میں کرفیو کو112روز ہوچکے ہیں، کشمیر کے مسئلے پرسیاسی جماعتوں سے کوئی اختلاف رائے نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ امریکی کانگریس میں مسئلہ کشمیر بھرپور طریقے سے اٹھایا گیا ہے، ایوان نمائندگان کی رکن راشدہ طالب نے امریکی کانگریس میں قرارداد پیش کی ہے۔ یورپی یونین میں بھی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ہماری داخلی صورتحال کی وجہ سے کچھ وقت کے لئے مقبوضہ کشمیر سے میڈیا کی نظر اٹھ گئی تھی۔شاہ محمود قریشی نے مزیدکہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی اموات کے اعداد و شمار بھی جاری نہیں کئے جاتے۔ اس حوالے سے امریکی کانگریس کے رکن بریڈشرمین نے مقبوضہ کشمیر پر بریفنگ کا مطالبہ کیا ہے، بریڈ شرمین کا کہنا ہے کہ یورپی وفد کو مقبوضہ کشمیر لے جایا جا سکتا ہے تو امریکیوں کو وہاں جانے کی کیوں اجازت نہیں۔ ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ پر وزیر خارجہ نے کہا کہ ناروے کے واقعہ سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے، کل دفتر خارجہ میں ناروے کے سفیر کو بلایا اور انہیں اپنی تشویش اور اضطراب سے آگاہ کیا۔ہم نے ناروے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے کو قرارواقعی سزا دی جائے۔ سی پیک کے حوالے سے امریکی تحفظات پر وزیرخارجہ نے کہا کہ سی پیک گیم چینجر ہے، یہ کہہ دینا کہ سی پیک سے ہمارے قرضوں میں اضافہ ہو گا درست نہیں، ہم ان کی رائے سے متفق نہیں، امریکا سمیت جو بھی سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے کرے۔میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل کی سماعت کراچی کے بجائے راولپنڈی میں کرنے سے متعلق سوال پرشاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ حکومت آصف زرداری کے تابع ہے ،آصف زرداری کا کیس اس لئے راولپنڈی منتقل کیا گیا کیونکہ سندھ حکومت انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہی تھی۔وزیرخارجہ نے کہا کہ نوازشریف کے حوالے سے وزارت صحت بہتر جواب دے سکتی ہے، بیرون ملک جانے کی خواہشات سب کی ہیں، ہمارے ملک میں کوئی بھی احتسابی عمل سے نہیں گزرنا چاہتا،احتساب کے عمل میں مختلف حیلے بہانوں سے رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں۔ مافیا احتسابی عمل میں رکاوٹیں ڈالتا رہتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان احتسابی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔