پی ٹی آئی پچھلے 13 سال سے خیبر پختونخوا میں بغیر منصوبہ بندی کے حکومت کر رہی ہے،سردار حسین بابک

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سیکرٹری خارجہ امور سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پچھلے 13 سال سے خیبر پختونخوا میں بغیر منصوبہ بندی کے حکومت کر رہی ہے

پشاور۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سیکرٹری خارجہ امور سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پچھلے 13 سال سے خیبر پختونخوا میں بغیر منصوبہ بندی کے حکومت کر رہی ہے۔ اے این پی کی جانب سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نہ کوئی ٹیم، نہ ترقی کا کوئی وژن اور نہ ہی منشور رکھتی ہے، خیبر پختونخوا کے عوام بدامنی، دہشت گردی اور بدترین حکمرانی سے عاجز آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا گیا، نوجوان بے روزگاری سے تنگ آ چکے ہیں، صوبے کے کارخانے بند ہو گئے ہیں، تاجر اور صنعتکار ذہنی مریض بن گئے ہیں، اقتصاد تباہ ہو گیا ہے، نوجوان روزگار کی تلاش میں بیرونِ ممالک جانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کا وزیراعلی کنٹینر چڑھنے کی بجائے اپنے منصب اور ذمہ داری کا احساس کریں

حکومت کا کام عوام کے مسائل میں مزید اضافہ نہیں بلکہ اس کا حل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی بنیادی ضروریات برداشت کرنے کے بھی قابل نہیں رہے، عوام روٹی کے لیے بھی پریشان جبکہ پی ٹی آئی کے اراکینِ اسمبلی ارب پتی بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی بربادی اور تباہی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے۔ اعلیٰ عدالتیں خیبر پختونخوا کے وسائل کو سیاسی مقاصد کےلیے استعمال کرنے کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی قوم کی ترجمان ہے، امن اور حقوق کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔