محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال زیارت میں ڈائیلاسز مشین کی تنصیب مکمل ، باقاعدہ سروس کا آغاز کردیا گیا
محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال زیارت میں ڈائیلاسز مشین کی تنصیب مکمل ، باقاعدہ سروس کا آغاز کردیا گیا

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال زیارت میں ڈائیلاسز مشین کی تنصیب مکمل کرکے باقاعدہ سروس کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ڈائیلاسز مشین کا افتتاح ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی نے کیا، جبکہ اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر رفیق مستوئی ایم ایس شمس اللہ متعلقہ محکمہ صحت کے افسران اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی نے کہا کہ ڈائیلاسز کی سہولت کا مقامی سطح پر آغاز ضلع زیارت اور گردونواح کے گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے ایک اہم طبی سہولت ہے، جس سے مریضوں کو علاج کی غرض سے کوئٹہ سمیت دیگر شہروں کا سفر کرنے کی ضرورت کم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل گردوں کے مریضوں کو ڈائیلاسز کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ کرنا پڑتا تھا، جس کے باعث انہیں سفری اخراجات، وقت اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، تاہم اب ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال زیارت میں ڈائیلاسز کی سہولت دستیاب ہونے سے مریضوں کو اپنے ضلع میں ہی بروقت علاج کی سہولت میسر آئے گی۔
یاد رہے کہ ڈائیلاسز مشین کی فراہمی اور اس سہولت کے آغاز کے حوالے سے گزشتہ دنوں صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ نے بھی اس کا افتتاح کیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولیات میں بہتری اور عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ضلع کے سرکاری ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈائیلاسز سروس کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے اور مریضوں کو بروقت، معیاری اور ضروری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ڈائیلاسز مشین کی فراہمی سے ضلع زیارت اور گردونواح کے گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو نمایاں سہولت میسر آئے گی، جبکہ مقامی سطح پر علاج کی سہولت دستیاب ہونے سے مریضوں کے قیمتی وقت اور سفری اخراجات کی بھی بچت ہوگی۔
عوامی حلقوں نے حکومت بلوچستان، محکمہ صحت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ زیارت کی جانب سے صحت کے شعبے میں اس سہولت کے آغاز کو اہم اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی ضلع زیارت کے عوام کو مزید جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔







