بیرون ملک سے تبلیغی جماعت کے لوگوں اور زائرین کی واپسی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے،کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے ہر مکتبہِ فکر کا تعاون اہمیت کا حامل ہے،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس عالمی چیلنج ہے، تبلیغی جماعت کے اراکین کے تعاون کے مشکور ہیں، بیرون ملک سے تبلیغی جماعت کے لوگوں اور زائرین کی واپسی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، عوام سے اپیل ہے کہ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں کیونکہ وباء سے نمٹنے کیلئے ہر مکتبہِ فکر کا تعاون اہمیت …

اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس عالمی چیلنج ہے، تبلیغی جماعت کے اراکین کے تعاون کے مشکور ہیں، بیرون ملک سے تبلیغی جماعت کے لوگوں اور زائرین کی واپسی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، عوام سے اپیل ہے کہ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں کیونکہ وباء سے نمٹنے کیلئے ہر مکتبہِ فکر کا تعاون اہمیت کا حامل ہے۔ بدھ کو پالیمنٹ ہائوس میں وہ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور وزیر مملکت شہریار آفریدی کے ہمراہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے اراکین اور تمام زائرین کو پارلیمنٹ کی طرف سے یقین دلاتے ہیں کہ ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے، جنگی بنیادوں پر کام کریں گے، پوری قوم آپ کے ساتھ ہے، آپ کو مایوسی نہیں ہو گی، آپ نے جس طرح صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے ہم آپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء امتحان ہے، اس حوالہ سے زائرین اور تبلیغی جماعت پر انگلیاں اٹھائی گئیں اور بحث الجھتی گئی، پھر سپیکر نے اس پر قدم اٹھایا اور ہم نے تبلیغی جماعت کی شوریٰ کے ساتھ بات کی، مولانا طارق جمیل کے ساتھ بھی بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ زائرین سے متعلقہ مسائل اور غلط فہمیوں کے حوالہ سے بھی ریاست کی سطح پر معاملہ کو ختم کرنے کیلئے لوگوں کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شب برأت بڑی برکتوں والی رات ہے، یہ رحمت والی رات ہے، اس میں ذکر اور فکر کے ساتھ عبادت کی جائے مگر احتیاطی تدابیر کے ساتھ اپنے گھروں میں رہیں اور اللہ سے مدد مانگیں۔ انسداد منشیات کے وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا کہ پارلیمنٹ کا ہمیشہ کلیدی کردار ہوتا ہے جو ملک کیلئے قانون سازی اور رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ سپیکر نے آزمائش میں مبتلا لوگوں کیلئے بالخصوص زائرین اور تبلیغی جماعت کے حوالہ سے قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین اور تبلیغی جماعت کے لوگ جو دنیا بھر میں جہاں بھی ہیں اور ملک میں بھی تبلیغی جماعت کے جو لوگ مسائل کا شکار ہیں ان کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر مربوط انداز میں مسائل کا حل ڈھونڈا جائے گا، ہم پاکستانیوں کو عزت و وقار دینے اور ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں تو حقیقی معنوں میں اپنے لوگوں کے مسائل بھی حل کریں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ مشکل کی اس گھڑی میں اللہ تمام انسانیت کے مسائل حل کرے۔