بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو علاقائی اقتصادی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، نگراں وزیر منصوبہ بندی سمیع سعیدکی ٹیکنالوجی انٹرپرائز کے وفد سے ملاقات

بیجنگ۔17اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات سمیع سعید نے کہا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) علاقائی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں سنہرے دور کا آغاز ثابت ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ٹیکنالوجی انٹرپرائز کے وفد سے ملاقات میں کیا۔نگراں وزیر منصوبہ بندی بی آر آئی فورم 2023 ء میں شرکت کے لیے 16 اکتوبر کو …

بیجنگ۔17اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات سمیع سعید نے کہا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) علاقائی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں سنہرے دور کا آغاز ثابت ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ٹیکنالوجی انٹرپرائز کے وفد سے ملاقات میں کیا۔نگراں وزیر منصوبہ بندی بی آر آئی فورم 2023 ء میں شرکت کے لیے 16 اکتوبر کو بیجنگ پہنچے تھے جہاں پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی سربراہی میں چین اور علاقائی ممالک کی قیادت اور حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں۔

اس موقع پر زونگ چان بی آر آئی انڈسٹریل پروموشن ایسوسی ایشن (زیڈ بی آر اے) کے صدر ژینگ ژیائوڈونگ سے ملاقات کرتے ہوئے فریقین نے چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کے دور کو وسعت دینے، جاری منصوبوں میں تیزی لانے اور نئے شعبوں کی شمولیت پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں نگراں وزیر منصوبہ بندی نے چینی انٹرپرائز کی جانب سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی پیک کے دوسرے فیز میں چینی کمپنیاں پاکستانی مارکیٹ سے نہ صرف بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں گی بلکہ نئے شعبوں میں سرمایہ کاری لانے سے باہمی تجربات سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول انتہائی سازگار ہے اور حکومت اس حوالے سے بھرپور اقدامات بھی اٹھا رہی ہے۔واضح رہے کہ سی پیک کے تحت خصوصی سپیشل اکنامک زونز کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 4 زونز کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔اس موقع پر چین کے اعلی حکام نے پاکستان کی طرف سے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

ژینگ ژیائوڈونگ نے سی پیک کے تحت جاری مختلف منصوبوں پر پاکستان کی طرف سے اٹھانے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین میں پاکستانی سفارت خانہ، سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی اور دیگر پاکستانی ادارے مشترکہ طور پر 100 چینی انٹرپرائزز کا انتخاب کریں گی جبکہ چینی کاروباری ادارے پاکستانی مارکیٹ مزید سرمایہ کاری اور کاروباری ترقی کے لیے پاکستان کا دورہ بھی کریں گے۔

مزید خبریں