اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی ) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کہا ہے کہ 11 نومبر 1980ء / یکم محرم 1401 ہجری کو قائم ہونے والی یہ عظیم درسگاہ علم، تحقیق اور اسلامی فکر کا وہ مرکز ہے جس نے دنیا بھر میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ یومِ تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام انہوں نے …
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ دنیا کے مختلف ممالک میں علمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہے ہیں،پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد

مزید خبریں
اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی ) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کہا ہے کہ 11 نومبر 1980ء / یکم محرم 1401 ہجری کو قائم ہونے والی یہ عظیم درسگاہ علم، تحقیق اور اسلامی فکر کا وہ مرکز ہے جس نے دنیا بھر میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
یومِ تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام انہوں نے کہا کہ یہ دن محض وقت کے گزرنے کا نہیں بلکہ اس عزم اور وژن کے تسلسل کا مظہر ہے جس کی بنیاد اسلامی فکری روایت پر رکھی گئی۔ یونیورسٹی نے گزشتہ چار دہائیوں میں دنیا بھر کے نامور محققین، اساتذہ اور طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جہاں علمی و فکری تبادلہ اور مکالمہ فروغ پاتا رہا۔
ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کے فارغ التحصیل طلبہ آج دنیا کے مختلف ممالک میں علمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہے ہیں اور ادارے کے لئے باعثِ فخر بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی انفرادیت اس کی کثیراللسانی شناخت میں مضمر ہے جو عربی، اردو اور انگریزی زبانوں میں تعلیم و تحقیق کے ذریعے امتِ مسلمہ کے فکری تنوع کی نمائندگی کرتی ہے۔
صدر جامعہ نے کہا کہ مشکلات اور چیلنجز کے باوجود آئی آئی یو آئی نے ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا اور اپنے مشن پر قائم رہی یعنی معیاری تعلیم کی فراہمی، طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت اور علم کو ایک مقدس امانت کے طور پر محفوظ رکھنا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ادارے کے ساتھ محض ایک طالبِ علم یا ملازم کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک ذمہ دار امین کے طور پر وابستہ رہنا چاہئے، ہمیں اس درسگاہ کو مضبوط بنانے، اس کی خدمت کرنے اور اس کی روایات کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کہا کہ یومِ تاسیس کے موقع پر ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اپنے بانی نظریات کے مطابق علم، عدل، توازن اور رحمت کے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دیتی رہے گی۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس جامعہ، اس کے طلبہ، اساتذہ اور سابق طلبہ کو برکت دے اور ہمیں علم کو ترقی، قیادت اور خدمتِ انسانیت کا ذریعہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔








