اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس برائے امن، سلامتی اور ترقی پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا ایک عظیم اور تاریخی موقع ہے جو 11 اور 12 نومبر 2025ء کو اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے،یہ غیر معمولی کانفرنس دنیا بھر کے دس پارلیمانوں کے اسپیکرز، پندرہ ڈپٹی اسپیکرز، سینتیس اراکین پارلیمنٹ اور مختلف بین الاقوامی و علاقائی …
بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا ایک عظیم اور تاریخی موقع ہے ، سید یوسف رضا گیلانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس برائے امن، سلامتی اور ترقی پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا ایک عظیم اور تاریخی موقع ہے جو 11 اور 12 نومبر 2025ء کو اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے،یہ غیر معمولی کانفرنس دنیا بھر کے دس پارلیمانوں کے اسپیکرز، پندرہ ڈپٹی اسپیکرز، سینتیس اراکین پارلیمنٹ اور مختلف بین الاقوامی و علاقائی تنظیموں کے نمائندگان سمیت کل 174 مندوبین کو پاکستان میں اکٹھا کرے گی۔
ہفتہ کے روز سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ دو سابق صدور بھی اپنے ممالک کی نمائندگی کے لیے شرکت کریں گے، جو پاکستان کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی کردار اور پارلیمانی سفارت کاری میں قائدانہ حیثیت کا ثبوت ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معزز مہمانوں کی میزبانی صرف سینیٹ کی کامیابی نہیں بلکہ ایک قومی اعزاز ہے جو پاکستان کے وقار کو عالمی سطح پر بلند کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس پاکستان کے لیے اپنی پارلیمانی سفارت کاری، امن، سلامتی اور ترقی کے وژن کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا نادر موقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم جنوبی اور شمالی دنیا سے آنے والے اپنے مہمانوں کا خیرمقدم کریں گے تو ہم صرف ایک کانفرنس کے شرکاء نہیں ہوں گے بلکہ اپنی قوم کے امن، رواداری اور تعاون کے جذبے کے سفیر ہوں گے،چیئرمین سینیٹ نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف، قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ان کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے سینیٹر اسحاق ڈار کی کانفرنس کے کرٹن ریزر سیشن کی صدارت اور ان کی جاری معاونت پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی اعلیٰ قیادت کا باہمی تعاون قومی اتحاد اور یکجہتی کی بہترین مثال ہے۔چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ اس تاریخی تقریب کی تیاریوں میں وزارت داخلہ، وزارتِ خارجہ، وزارت اطلاعات و نشریات اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کا کردار قابلِ تحسین ہے، جنہوں نے اپنی شب و روز کی محنت سے اس قومی مقصد کو عملی شکل دینے میں بھرپور کردار ادا کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ سب محکمے جس جذبے سے کام کر رہے ہیں وہ قومی یکجہتی اور تعاون کی روشن علامت ہے،انہوں نے سینیٹرز پر زور دیا کہ وہ اس کانفرنس کو اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھیں اور بھرپور انداز میں میزبانی کا کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کی مثبت شبیہ عالمی برادری کے سامنے اجاگر ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف سینیٹ سیکرٹریٹ کا نہیں بلکہ ہم سب کا ہے۔ ہر رکن پارلیمنٹ اس کا حصہ بنے تاکہ ہم اسے ایک کامیاب اور تاریخی ایونٹ بنا سکیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے امید ظاہر کی کہ یہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس پاکستان کے لیے امید، امن اور تعاون کا پیغام بنے گی اور ملک کے پارلیمانی کردار کو عالمی سطح پر مزید مضبوط کرے گی۔ہم سب کو مل کر اسے ایسا یادگار ایونٹ بنانا ہے جو پاکستان کو پارلیمانی سفارت کاری کا قائد ثابت کرے۔








