اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):سینیٹ کے زیر اہتمام بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کا کل (منگل) سے باقاعدہ آغاز ہوگا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ نے اس حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے اور اس ضمن میں وفاقی دارالحکومت میں وفود کی آمد کا سلسلہ باقاعدہ شروع ہوگیا ہے۔ دوست ممالک کے سپیکرز، ڈپٹی سپیکرز، اراکین پارلیمنٹ مختلف اہم بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جبکہ وفود …
بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کا کل (منگل) سے باقاعدہ آغاز ہوگا

مزید خبریں
اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):سینیٹ کے زیر اہتمام بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کا کل (منگل) سے باقاعدہ آغاز ہوگا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ نے اس حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے اور اس ضمن میں وفاقی دارالحکومت میں وفود کی آمد کا سلسلہ باقاعدہ شروع ہوگیا ہے۔ دوست ممالک کے سپیکرز، ڈپٹی سپیکرز، اراکین پارلیمنٹ مختلف اہم بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جبکہ وفود کی آمد کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں یہ اہم کانفرنس جس کا عنوان امن، سلامتی و ترقی ہے کے موضوع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اہم ممالک کے پارلیمانی سربراہان و مندوبین اپنے خیالات کا اظہا ر بھی کریں گے۔کانفرنس سے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق خطاب کریں گے۔چیئرمین سینیٹ اس کانفرنس کے دوران اہم ممالک کے پارلیمانی رہنمائوں سے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کے لئے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ کانفرنس دو دن جاری رہے گی جس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔
بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچنے والے پارلیمانی وفود جن میں روانڈا، گیانا، کانگو اور صومالیہ کے علاوہ یونیورسل پیس فیڈریشن (یو پی ایف) کے صدر ڈاکٹر ٹیگلن ابراہیم حماد جو اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی امور کے ادارے (یو این ای سی او ایس او سی) سے وابستہ ہیں، شامل ہیں۔اسی سلسلے میں گیانہ، کانگو اور صومالیہ کے پارلیمانی وفود بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ صومالیہ سے ایوان نمائندگان کی فرسٹ ڈپٹی سپیکر سعدیہ یاسین حاجی اپنی نمائندہ ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں۔ کانگو سے رکن پارلیمنٹ پراسپر کاسونگو لوکالی تونڈا جبکہ گیانہ سے نیشنل پیس انیشی ایٹو کے ڈائریکٹر اوبرج نارائن بھی اسلام آباد پہنچ گئے۔ 11 تا 12 نومبر 2025ء کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کیلئے آذربائجان، ازبکستان، کینیا، فلسطین، مالدیپ، ملائیشیا، فلپائن، سربیا، نیپال، لائبیریا اور سعودی عرب کے وفود بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔اردن سے نائب وزیراعظم توفیق کریشان کے علاوہ اردن کے ایوان بالا کے رکن رکان حمادے الفواز اور دیگر عملہ شامل ہے۔
سینیٹ آف پاکستان کے اعلیٰ حکام نے اردنی وفد کا پرتپاک استقبال کیاجبکہ آذربائیجان سے ڈپٹی سپیکر ملی مجلس آذربائیجان علی احمدیوف، ازبکستان سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مجلسِ اعلیٰ ازبکستان صودق سیفووف اور کیمرون سے رکنِ پارلیمان کماسے سائمن پوو کی سربراہی میں وفود نے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔گوئٹے مالا کے سابق صدر جمی مورالیس، کینیا کے ڈپٹی سپیکر فراح مالم محمد اور فلسطین کی قومی کونسل کے سپیکر روحی احمد محمد فتوح نے بھی اپنے اپنے وفود کے ہمراہ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے۔مزید برآں سعودی عرب سے نائب چیئرمین شوریٰ کونسل عبداللہ بن عدم فلاتعہ کی قیادت میں وفد اسلام آباد پہنچا۔ وفد میں ڈاکٹر عثمان ہاکامانی، عبداللہ اطلاس اور ڈاکٹر معین المدنی شامل ہیں۔
سینیٹر ندیم احمد بھٹو اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے سینئر افسران نے سعودی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔مراکش سے سپیکر ہائوس آف کونسلرز محمد ولد الرشید، روانڈا سے صدر سینیٹ فرانکیوس ژیویر، مالدیپ سے سپیکر عبدالرحیم عبداللہ، ملائشیا سے ایوان بالا کے نائب صدر نور جزلان بن محمد اور فلپائن کے اعلیٰ حکام و معاون عملے کے وفود بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کیلئے الجیریا سے رکنِ پارلیمنٹ سعد اروس کی قیادت میں وفد، بارباڈوس سے سپیکر آرتھر یوجین ہولڈر اور سیربیا سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ایڈن ڈرلیک کی سربراہی میں پارلیمانی وفود بھی اسلام آباد پہنچ گئے۔اسی طرح تاجکستان کی ایوان نمائندگان کے نائب سپیکر عزیز گیوزودا اور بین الاقوامی تنظیم جی سی پی آر گلوبل کے افسر ڈاکٹر نورال عالم مظمدر اورنیپال کی ایوانِ نمائندگان کے سیکرٹری ہرکا راج رائے بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔لائبیریا کی ایوان نمائندگان کے سپیکر ہز ایکسی لینسی رچرڈ نیگبے کون اور لائبیریا کی ایوانِ نمائندگان کی ہائیڈروکاربن کمیٹی کے چیئرمین اور امن و مفاہمت کمیٹی کے رکن سیم پی جاللہ بھی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔یہ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی دور اندیش قیادت، موثر سفارتی وژن اور بین الاقوامی پارلیمانی تعاون کے فروغ کی کاوشوں کا مظہر ہے۔
کانفرنس عالمی امن، باہمی تعاون، پارلیمانی سفارتکاری، جمہوری اقدار اور مکالمے کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی اور مختلف ممالک کے پارلیمانی اداروں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی بصیرت افروز قیادت میں منعقد کی جا رہی ہے جو اقوام کے درمیان مکالمے، تفاہم اور تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاس ہے۔ نیو اسلام آبادایئرپورٹ پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے سینئر افسران، سینئر ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول طارق بن وحید بھی معزز مہمانوں کا استقبال کرنے والوں میں شامل تھے۔








