بی ایف اے کا کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں کریک ڈائون، ناقص و غیر معیاری خوراک کی فروخت پر متعدد مراکزپر جرمانے

کوئٹہ۔ 30 دسمبر (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)نے کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر انسپیکشن کارروائیاں کیں،متعددمراکز پر جرمانے عائد کئے گئے۔ ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ، دالبندین، دکی، اوستہ محمد اور سبی میں قائم اشیا ئےخوردونوش کے مراکز پرقوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ متعدد دکانوں کو …

کوئٹہ۔ 30 دسمبر (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)نے کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر انسپیکشن کارروائیاں کیں،متعددمراکز پر جرمانے عائد کئے گئے۔ ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ، دالبندین، دکی، اوستہ محمد اور سبی میں قائم اشیا ئےخوردونوش کے مراکز پرقوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ متعدد دکانوں کو اصلاحی نوٹسز جاری کئے گئے۔کوئٹہ کے مصروف علاقوں مسجد روڈ، شاوکشاہ روڈ اور گلستان روڈ پر قائم اسٹریٹ ہوٹلز، پکوڑا و سموسہ شاپس، فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور جنرل اسٹورز کی چیکنگ کے دوران فوڈ بزنس لائسنس کی عدم موجودگی، صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے، مضر صحت رنگوں اور پابندی عائد چائنیز نمک کے استعمال، زنگ آلود برتنوں، کھلے کوڑے دان اور ایکسپائرڈ اشیا کی فروخت پر ایکشن لیا گیا۔

جنرل اسٹورز سے گٹکا اور زائد المیعاد مشروبات و دیگر اشیا بھی برآمد ہوئیں۔دودھ میں ملاوٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بی ایف اے کی موبائل ملک سیفٹی ٹیم نے سرکی روڈ اور نواں کلی کے علاقوں میں دودھ کے نمونے لے کر موقع پر ٹیسٹ کیے، جس کے نتیجے میں دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر پانچ دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ تین دکانوں کو معمولی نقائص پر نوٹسز جاری کیے گئے۔دکی شہر میں بی ایف اے حکام نے خوراک کے مراکز کو فوڈ بزنس لائسنس کے حصول، ایکسپائری اشیا نہ رکھنے اور محفوظ اسٹوریج کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی، جبکہ دکانداروں میں لائسنس فارم بھی تقسیم کیے گئے۔

دالبندین کے لندن روڈ بائی پاس پر ایک ریسٹورنٹ اور دو نان شاپس کے خلاف ناقص صفائی، کم وزن نان، مضر صحت رنگوں اور کیمیکل پرنٹڈ پیپر کے استعمال پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز دیے گئے۔اوستہ محمد اور سبی میں بھی بی ایف اے زونل ٹیموں نے لائسنس کے بغیر کاروبار کرنے، ناقص خوراک اور فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کیں۔ بی ایف اے حکام نے واضح کیا کہ عوام کی صحت سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے یہ کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔