بی ٹیوٹا اور ٹریفک پولیس کا بلوچستان کے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی ڈرائیونگ تربیت دینے کا فیصلہ

بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا)اور ٹریفک پولیس نے صوبے کے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے

کوئٹہ۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا)اور ٹریفک پولیس نے صوبے کے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں بی ٹیوٹا کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالقادر زارکون نے ایس پی ٹریفک سید عاصم شاہ سے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کو جدید اور معیاری ڈرائیونگ تربیت فراہم کرنے سمیت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بی ٹیوٹا کے ڈائریکٹر غلام مصطفی رئیسانی کے مطابق پروگرام کا آغاز جلد کیا جائے گا، جبکہ تربیت کے تمام اخراجات بی ٹیوٹا برداشت کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنر فراہم کرکے ملک کے اندر اور بیرون ملک روزگار کے مواقع تک رسائی فراہم کرنا ہے، خصوصا ًخلیجی ممالک میں ہیوی ٹرک اور ٹیکسی ڈرائیورز کی بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے تربیت دی جائے گی۔حکام کے مطابق پروگرام کے لیے زیادہ تعلیمی قابلیت لازمی نہیں ہوگی، جس سے کم تعلیم یافتہ نوجوان بھی اس تربیتی منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔بی ٹیوٹا اور ٹریفک پولیس کے درمیان یہ مشترکہ اقدام صوبے کے نوجوانوں کو فنی مہارتیں فراہم کرنے اور ان کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔