تائیوان میں جھیل پھٹنے سے 14 افراد ہلاک، سمندری طوفان "راگاسا” نے تباہی مچا دی

ہانگ کانگ ۔24ستمبر (اے پی پی):سمندری طوفان "راگاسا" نے تائیوان، ہانگ کانگ اور جنوبی چین کے ساحلی علاقوں میں شدید تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں تائیوان میں جھیل پھٹنے سے کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 18 زخمی ہوگئے ۔اے ایف پی کے مطابق طوفان کے باعث ہانگ کانگ میں بدھ کی صبح شدید بارش، طوفانی ہواؤں اور بلند لہروں نے نظام زندگی مفلوج کر …

ہانگ کانگ ۔24ستمبر (اے پی پی):سمندری طوفان "راگاسا” نے تائیوان، ہانگ کانگ اور جنوبی چین کے ساحلی علاقوں میں شدید تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں تائیوان میں جھیل پھٹنے سے کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 18 زخمی ہوگئے ۔اے ایف پی کے مطابق طوفان کے باعث ہانگ کانگ میں بدھ کی صبح شدید بارش، طوفانی ہواؤں اور بلند لہروں نے نظام زندگی مفلوج کر دیا۔

شہر بھر میں درجنوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے جبکہ ساحلی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی۔ہانگ کانگ آبزرویٹری کے مطابق، سپر طوفان "راگاسا” بدھ کی صبح شہر کے جنوبی ساحل سے تقریباً 100 کلومیٹر کے فاصلے سے گزر رہا ہے، اور اس کے پیش نظر طوفان کی اعلیٰ ترین وارننگ جاری کی گئی ہے۔آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ سمندری طغیانی کی وجہ سے مشرقی اور جنوبی ساحلی علاقوں میں دو سے تین میٹر تک پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے، جب کہ لہریں ساحلی دیواروں کو عبور کر سکتی ہیں۔

چین کی وزارتِ ایمرجنسی مینجمنٹ کے مطابق طوفان کے آج بدھ کے روز دوپہر سے رات کے درمیان صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہروں زوہائی اور ژانجیانگ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا امکان ہے، جہاں ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔