تحفظِ جنگلی حیات میں کامیابی:تیندوہ “ٹیری” کو مکمل صحتیاب ہونے کے بعد مسکن میں چھوڑ دیا گیا
تحفظِ جنگلی حیات میں کامیابی:تیندوہ “ٹیری” کو مکمل صحتیاب ہونے کے بعد مسکن میں چھوڑ دیا گیا
اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):بین الادارہ جاتی تعاون اور جنگلی حیات کے تحفظ کے عزم کی ایک شاندار مثال کے طور پرآزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ اور اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی)نے ایک عام تیندوہ “ٹیری” کو کامیاب علاج اور بحالی کے بعد اس کے قدرتی مسکن میں واپس چھوڑ دیا ہے۔اتوار کواسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ مشن 5 اپریل 2026 کو شروع ہواجب اے جے کے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے زخمی چیتے کو ریسکیو کیا۔
خصوصی نگہداشت کی ضرورت کے پیشِ نظر اسے آئی ڈبلیو ایم بی کے ریسکیو اینڈ ری ہیبیلیٹیشن سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ٹیری کو 27 دن تک انتہائی نگہداشت، ویٹرنری علاج، نگرانی اور بحالی فراہم کی گئی۔2 مئی 2026 کو مکمل صحتیابی اور جنگل میں بقا کے لیے موزوں قرار دیے جانے کے بعد، ٹیری کو کامیابی کے ساتھ دوبارہ جنگل میں چھوڑ دیا گیاجو جاری تحفظی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔یہ کامیابی عائشہ حمیرا چوہدری، چیئرپرسن آئی ڈبلیو ایم بی و سیکرٹری وزارتِ موسمیاتی تبدیلی اور چوہدری محمد فرید سیکرٹری جنگلات وائلڈ لائف و فشریز ڈیپارٹمنٹ، اے جے کے کی مؤثر قیادت اور رہنمائی کے باعث ممکن ہوئی۔ جنگلی حیات کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن کے لیے ان کا عزم اس کامیاب آپریشن میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
چیئرپرسن آئی ڈبلیو ایم بی نے اس بات پر زور دیا کہ جنگلی حیات کے تحفظ کابنیادی مقصد یہ ہے کہ جنگلی جانور اپنے قدرتی ماحول میں زندہ رہیں اور ترقی کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری قید اور نقصان دہ سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ جنگلی حیات کو آزادانہ طور پر فطرت میں جینے کا موقع ملے۔سیکرٹری فرید نے دونوں اداروں کی ٹیموں کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے اس آپریشن کو “مربوط تحفظی اقدام کی بہترین مثال” قرار دیا۔
شامل ٹیموں میں اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ محمد عباس (اسسٹنٹ ڈائریکٹر)، ڈاکٹر شبیح الرحمان (ویٹرنری ڈاکٹر)، ڈاکٹر ثناء راجہ (ویٹرنری ڈاکٹر)، انیلا (ٹیم ممبر)، ظہیر (کیئرٹیکر)، نواز (کیئرٹیکر)اے جے کے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ میں عبدالشکور (ڈائریکٹر وائلڈ لائف اینڈ فشریز اے جے کے)، سخی الزمان (ڈپٹی ڈائریکٹر)، عماد الدین زنگی (پراجیکٹ مینیجر)، شائستہ علی (ایم اینڈ ای آفیسر)، عبد الحمید (اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف)، فیصل امتیاز (فاریسٹ ڈویلپمنٹ آفیسر) شامل رہی۔یہ کامیاب ریلیز اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مشترکہ کاوشوں، مہارت اور ایک مشترکہ وژن کے ذریعے جنگلی حیات کے تحفظ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ یہ اقدام پاکستان کی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور جنگلی حیات کے پائیدار مستقبل کے عزم کو مزید مضبوط بناتا ہے۔









