ترقی پذیر ممالک کی معیشت میں زراعت اہم کردار ادا کرتی ہے، شہزاد علی ملک

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کی معیشت میں زراعت اہم کردار ادا کرتی ہے اور یہ دیہی آبادی کو خوراک، آمدنی اور روزگار کا بنیادی ذریعہ ہے۔ مومن علی کی قیادت میں ترقی پسند کسانوں کے وفد …

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کی معیشت میں زراعت اہم کردار ادا کرتی ہے اور یہ دیہی آبادی کو خوراک، آمدنی اور روزگار کا بنیادی ذریعہ ہے۔ مومن علی کی قیادت میں ترقی پسند کسانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری آبادی میں زرعی آبادی کا حصہ 67 فیصد ہے جبکہ جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ 39.4 فیصد اور برآمدات میں اس کا حصہ 43 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں یہ واضح ہو گیا ہے کہ اقتصادی ترقی میں زراعت کے کردار کے بارے میں ماہرین معاشیات اور پالیسی سازوں کا تصور اہم ارتقائی عمل سے گزرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت زمین کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ زیر کاشت ہے تاہم ابھی تک کئی غریب ممالک میں آبادی زیادہ مگر زراعت پسماندہ اور اس کی پیداواری شرح کم ہے۔ تاہم فوڈ سکیورٹی، غربت کے خاتمے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے زراعت اور زمین کے استعمال میں بہتری بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی تجارت کے مسائل اب ماضی کے مقابلے میں زیادہ پیچیدہ نظر آتے ہیں۔ شہزاد علی ملک، ستارہ امتیاز نے کہا کہ زراعت پاکستان کی قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس لئے اب اسے جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنا انتہائی ضروری ہو گیا ہے۔ فوڈ سکیورٹی کے حصول کی خاطر بمپر کراپ کے لئے زراعت کو ٹیکنالوجی کی مدد سے جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام قابل کاشت زمین کو زیر کاشت لایا جائے اور ملک بھر میں غیر تصدیق شدہ بیجوں پر مکمل پابندی لگا کر ہائی ٹیک ہائبرڈ بیجوں کے استعمال کو لازمی قرار دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز ڈویژن نے پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹر میں چین کی یوآن لانگ پنگ ہائی ٹیک ایگریکلچر کمپنی لمیٹڈ کے تعاون سے ہائی ٹیک ہائبرڈ چاول کو کامیابی کے ساتھ تیار کیا ہے اور اس طرح کی کوششیں جاری رکھنا ہوں گی تاکہ ملک میں زرعی انقلاب لا کر بڑھتی ہوئی آبادی کی بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال سے جاری روس یوکرین جنگ کے تناظر میں بھی زرعی شعبے کے فروغ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ جنگ نے عالمی سپلائی چین اور پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے ہمیں وسیع قدرتی وسائل اور ذخائر سے نوازا ہے اور یہ ہمارا فرض ہے کہ اچھی طرز حکمرانی، دانشمندانہ پالیسیوں کے ذریعے ہم ان وسائل سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔