اسلام آباد ۔ یکم مئی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث صحت کے سنگین مسائل کے ساتھ ساتھ صنعتوں اور کاروباروں کی بندش سے مزدوروں اور محنت کشوں کی مشکلات پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہیں، اس صورتحال میں حکومت نے بڑا مالی پیکج دیا ہے اور مزدوروں اور محنت کشوں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں، موجودہ حکومت …
ترقی کے ثمرات کو معاشرے کے تمام طبقات بشمول محنت کشوں کی خوشحالی میں بدلنے کے لیے پرعزم ہیں وزیراعظم عمران خان کا یوم مزدور کے حوالے سے پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ یکم مئی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث صحت کے سنگین مسائل کے ساتھ ساتھ صنعتوں اور کاروباروں کی بندش سے مزدوروں اور محنت کشوں کی مشکلات پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہیں، اس صورتحال میں حکومت نے بڑا مالی پیکج دیا ہے اور مزدوروں اور محنت کشوں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں، موجودہ حکومت نے لیبر مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر کی فراہمی کے پروگرام شروع کئے ہیں تاکہ محنت کش اندرون اور بیرون ملک ملازمت کے مواقع سے استفادہ کرنے کے قابل ہو سکیں، ہم اقتصادی ترقی کے ثمرات کو معاشرے کے تمام طبقات بشمول محنت کشوں کی خوشحالی میں بدلنے کے لیے پرعزم ہیں۔ یکم مئی کو یوم مزدور کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن ہمیں ان محنت کشوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن محنت کے تقدس اور احترام کے ساتھ ساتھ ملکی اقتصادی نمو کے لیے محنت کشوں کی اہمیت کے اعتراف کی بھی علامت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مذہب سماجی انصاف کے اصولوں اور لوگوں کے حقوق کے احترام کا درس دیتا ہے۔ ہمارے پیارے نبی نے خود بھی محنت کی اور غزوہ خندق سمیت اہم مواقع پر اپنے ہاتھوں سے کام کر کے محنت کی عظمت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ محنت کے لیے احترام اور مزدوروں کے حقوق کو تسلیم کرنا ترقی کے عمل کے لیے بہت اہم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت محنت کشوں کے لیے کام کے ماحول اور ان کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ اس سلسلے میں محنت کشوں اور ان کے اہلخانہ کے لیے رہائش، تعلیم اور صحت کی سہولیات بہم پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محنت کشوں کو ریلیف کی فراہمی میں شفافیت اور اس حوالے سے تاخیری عوامل دور کرنے کے لیے ورکرز ویلفیئر کے اداروں کے لیے خودکار اور یکجا نظام تیار کرنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث ملک میں لوگوں کی صحت کے لیے سنگین مسائل پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ صنعتوں اور کاروباروں کے بند ہونے سے مزدوروں اور محنت کشوں کی مشکلات پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہیں۔ کورونا وباءکی وجہ سے سب سے زیادہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں حکومت نے بڑا مالی پیکج دیا ہے اور مزدوروں اور محنت کشوں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے لیبر مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر کی فراہمی کے پروگرام شروع کئے ہیں تاکہ محنت کش اندرون اور بیرون ملک ملازمت کے مواقع سے استفادہ کرنے کے قابل ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں ورکرز کا کردار بہت اہم ہے، اس لئے ہماری حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ اقتصادی ترقی کے ثمرات کو معاشرے کے تمام طبقات بشمول محنت کشوں کی خوشحالی میں تبدیل کیا جاسکے۔








