اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز نے میگس 2026-1 (معارف انٹرنس امتحان) کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جو کہ پاکستان بھر کے باصلاحیت اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے لیے میرٹ پر مبنی داخلہ اور اسکالرشپ پروگرام ہے۔ میگس ایک مسابقتی داخلہ امتحان ہے جس کا مقصد مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم، مالی معاونت، فیس میں رعایت اور بین الاقوامی تعلیمی …
ترکیہ نے آزاد جموں و کشمیر کے طلبہ کے لیے اسکالرشپس کا اعلان کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز نے میگس 2026-1 (معارف انٹرنس امتحان) کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جو کہ پاکستان بھر کے باصلاحیت اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے لیے میرٹ پر مبنی داخلہ اور اسکالرشپ پروگرام ہے۔
میگس ایک مسابقتی داخلہ امتحان ہے جس کا مقصد مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم، مالی معاونت، فیس میں رعایت اور بین الاقوامی تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت کامیاب امیدوار پاک ترک معارف کے مختلف کیمپسز میں داخلہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اسکالرشپ کے مستحق بھی قرار پائیں گے، جبکہ ان کے لیے مستقبل میں عالمی معیار کی یونیورسٹیوں تک تعلیمی پیش رفت کے مواقع بھی موجود ہوں گے۔
ایک بڑی پیشرفت میں پہلی بار کشمیر میں میگس کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے، جو خطے کے طلبہ کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اعلامیے کے مطابق پاک ترک معارف نے آزاد جموں و کشمیر میں اپنی توسیع کے تحت خطے کا پہلا کیمپس پاک ترک معارف انٹرنیشنل اے جے کے مظفرآباد کیمپس بھی قائم کیا ہے، جس سے علاقے میں جدید اور معیاری تعلیم کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق طلبہ جماعت چہارم، پنجم، ششم، ہفتم، ہشتم اور نہم کے علاوہ آئی جی سی ایس ای ۔1 میں داخلے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ پروگرام کے نمایاں فوائد میں میرٹ بیسڈ اسکالرشپس، ٹیوشن فیس میں رعایت، مالی معاونت اور کم داخلہ فیس شامل ہیں۔ مزید برآں، طلبہ کو بین الاقوامی معیار کے تعلیمی نظام سے روشناس کرایا جائے گا، جس میں ترکی زبان سیکھنے کے مواقع بھی شامل ہیں۔
میگس نے ملکی سطح پر نمایاں شہرت حاصل کی ہے اور اب تک 25,000 سے زائد طلبہ اس امتحان میں حصہ لے چکے ہیں، جو پروگرام پر والدین اور طلبہ کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ ہر سال 5,000 سے زائد طلبہ کی شرکت کے ساتھ میگس ملک کے نمایاں تعلیمی اسکالرشپ پروگرامز میں شمار ہوتا ہے، جو تعلیمی برتری، قیادت اور معیاری تعلیم تک مساوی رسائی کو فروغ دیتا ہے۔
میگس 2026-1 کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 فروری 2026 ہے، جبکہ داخلہ امتحان 15 فروری 2026 کو منعقد ہوگا۔ نتائج کا اعلان 26 فروری 2026 کو کیا جائے گا۔ امتحان میں کامیاب امیدواروں کو اگلے مرحلے میں انٹرویو کے لیے طلب کیا جائے گا۔میگس پاکستان کے 10 بڑے شہروں میں منعقد کیا جاتا ہے تاکہ جغرافیائی حدود سے بالاتر ہو کر طلبہ کو مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ طلبہ اور والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آن لائن رجسٹریشن مکمل کر کے روشن تعلیمی مستقبل کی جانب پہلا قدم اٹھائیں۔








