ترکیہ کی اعلیٰ تعلیمی کونسل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ایئرول اوزوار کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد کی فیصل مسجد کا دورہ کیا۔ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو بھی وفد کے ہمراہ تھے۔ وفد کا استقبال دعوۃ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس، فیصل مسجد اسلامی مرکز کے انچارج ڈاکٹر قاری ضیاء الرحمٰن اور …
ترکیہ کی اعلیٰ تعلیمی کونسل کے وفد کا فیصل مسجد کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):ترکیہ کی اعلیٰ تعلیمی کونسل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ایئرول اوزوار کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد کی فیصل مسجد کا دورہ کیا۔ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو بھی وفد کے ہمراہ تھے۔ وفد کا استقبال دعوۃ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس، فیصل مسجد اسلامی مرکز کے انچارج ڈاکٹر قاری ضیاء الرحمٰن اور دعوۃ اکیڈمی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران یوسف نے کیا۔
اس موقع پر ترک وفد کو فیصل مسجد کی تاریخی و مذہبی اہمیت، منفرد طرز تعمیر اور دعوت اکیڈمی و بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی تعلیمی، تحقیقی، دعوتی اور تربیتی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وفد کے ارکان نے فیصل مسجد کے شاندار طرز تعمیر کو سراہا اور وہاں محفوظ قرآن کریم کے نادر اور تاریخی نسخوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ ترک وفد نے دورے کو خوشگوار اور متاثر کن قرار دیتے ہوئے پاکستان کے مذہبی و تعلیمی اداروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہا۔
وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط ہوں گے اور مستقبل میں تعلیم، تحقیق اور علمی شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت ملے گی۔








