اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):پاکستان ترکیہ یونیورسٹی فیئر 2026 اسلام آباد اور لاہور میں منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد پاکستانی طلبہ اور تعلیمی اداروں کو ترکیہ میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع سے آگاہ کرنا ہے۔ یہ میلہ 30 مارچ کو میریٹ ہوٹل اسلام آباد اور دوسرا سیشن 01 اپریل کو نشاط ہوٹل لاہور میں ہوگا جس میں طلبہ، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے نمائندوں کی بڑی تعداد …
ترکیہ یونیورسٹی فیئر 2026 اسلام آباد اور لاہور میں منعقد ہوگا
اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):پاکستان ترکیہ یونیورسٹی فیئر 2026 اسلام آباد اور لاہور میں منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد پاکستانی طلبہ اور تعلیمی اداروں کو ترکیہ میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع سے آگاہ کرنا ہے۔
یہ میلہ 30 مارچ کو میریٹ ہوٹل اسلام آباد اور دوسرا سیشن 01 اپریل کو نشاط ہوٹل لاہور میں ہوگا جس میں طلبہ، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے نمائندوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔یہ ایونٹ ترک ادارے معارف کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے جسے جمہوریہ ترکیہ کی وزارت تجارت اور معارف فائونڈیشن کی معاونت حاصل ہے ۔
منتظمین کے مطابق ترکیہ کی تقریباً 20 جامعات اس میلے میں شرکت کریں گی۔یہ میلہ نہ صرف طلبہ کو براہِ راست معلومات فراہم کرے گا بلکہ پاکستانی اور ترکیہ کے تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو بھی فروغ دے گا۔ اس ضمن میں باقاعدہ سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا جن میں طلبہ کے تبادلے، تعلیمی اشتراک اور مشترکہ منصوبوں بارے گفتگو کی جائے گی۔
ترکیہ کے یونیورسٹیز فیئر کے گزشتہ ایڈیشنز میں طلبہ اور اساتذہ کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی جو ترکیہ میں اعلیٰ تعلیم کے بڑھتے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔ منتظمین کے مطابق اس سال کا ایڈیشن اس دلچسپی کو مزید وسعت دینے کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی تعاون کو بھی فروغ دے گا۔
ترکیہ عالمی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے لیے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے جہاں متنوع تعلیمی پروگرامز، بین الاقوامی معیار کی جامعات اور نسبتاً آسان تعلیمی نظام دستیاب ہے۔ دوستانہ تعلیمی ماحول، ثقافتی تنوع اور سکالرشپس کے وسیع مواقع کے باعث ترکیہ دنیا بھر کے طلبہ کے لیے پرکشش انتخاب بن چکا ہے۔ اس وقت ترکیہ میں 180 سے زائد ممالک کے 3 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔









