ترک صدر رجب طیب اردوان کا وزیر اعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون، سیلاب سے جانی نقصان پر اظہار تعزیت

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ہفتہ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیااور شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ ان کا ملک ہمیشہ پاکستان کی مدد کرے گا۔ وزیراعظم نے ترک صدر کو پاکستان میں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال اور ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے …

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ہفتہ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیااور شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ ان کا ملک ہمیشہ پاکستان کی مدد کرے گا۔

وزیراعظم نے ترک صدر کو پاکستان میں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال اور ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے حکومتی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کو جون2022 کے وسط سے ریکارڈ بارشوں کے ساتھ غیر معمولی مون سون موسمی صورتحال کا سامنا ہے۔ سیلاب نے ملک کے مختلف حصوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں انسانی جانوں، ذریعہ معاش اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بارشوں کے دوران انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچنے کے باوجود حکومت متاثرہ علاقوں تک پہنچنے، لوگوں کی نقل مکانی میں مدد اور ان تک امداد پہنچانے کے لیے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستان نے ”اقوام متحدہ کے ذریعے فوری امداد کی اپیل ”تیار کی ہے جو30 اگست 2022 کو شروع کی جائے گی اور اس امید کا اظہار کیا کہ عالمی برادری اس فوری اپیل پر فنڈنگ کی ضروریات کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم نے انسانی بنیادوں پر امداد پر صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔دو طرفہ تناظر میں وزیراعظم نے تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے ترکوں کی غیر متزلزل حمایت پر بھی صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔