ترک صدر رجب طیب اردوان کا پاکستان پہنچنے پر نہایت پرتپاک استقبال کیا گیا

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) ترک صدر رجب طیب اردوان پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورہ پر اسلام آباد پہنچے تو ان کا نہایت پرتپاک استقبال کیا گیا اور ایوان وزیراعظم میں ان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو نورخان ایئربیس پر ترک صدر کا پرجوش خیرمقدم کیا۔ کابینہ کے بعض ارکان اور سینئر پاکستانی حکام کے علاوہ …

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) ترک صدر رجب طیب اردوان پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورہ پر اسلام آباد پہنچے تو ان کا نہایت پرتپاک استقبال کیا گیا اور ایوان وزیراعظم میں ان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو نورخان ایئربیس پر ترک صدر کا پرجوش خیرمقدم کیا۔ کابینہ کے بعض ارکان اور سینئر پاکستانی حکام کے علاوہ پاکستان میں ترکی کے سفیر بھی استقبال کیلئے موجود تھے۔ اس موقع پر قومی لباس میں ملبوس دو بچوں نے صدر رجب طیب اردوان اور ترک خاتون اول کو گلدستے پیش کئے جبکہ گارڈز کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے ایئربیس سے ایوان وزیراعظم تک ترک صدر کی گاڑی خود ڈرائیو کی۔ بعد ازاں وزیراعظم ہاﺅس میں ترک صدر کے اعزاز باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے ترک صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ رجب طیب اردوان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کا وفاقی کابینہ کے ارکان سے تعارف کرایا۔ ترک صدر نے کابینہ کے ارکان سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔ ترک صدر نے وزیراعظم عمران خان کا ترک وفد سے تعارف بھی کرایا۔