تعلیم، ہنرمندی اور سیاحت کا فروغ پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، عثمان شوکت

تعلیم، ہنرمندی اور سیاحت کے فروغ سے سرمایہ کاری، روزگار اور پائیدار معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، عثمان شوکت

راولپنڈی۔ 20 اگست (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے صدر عثمان شوکت نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ابھرتے ہوئے مواقع سے ہمکنار کرنے کیلئے تعلیم کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ، صنعت اور تعلیمی اداروں کے روابط مضبوط اور فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے دائرہ کار کو وسیع کرنا ہوگا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی سی سی ڈی) کے زیر اہتمام ’ٹی فار ٹورازم سیریز‘ کے تحت منعقدہ پہلی انٹرنیشنل ایجوکیشن ٹورازم سمٹ اینڈ ایکسپو میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد سسٹین ایبل ٹورازم فورم اینڈ ایکسپو (ایس ٹی ایف) کے تعاون سے کیا گیا۔تقریب میں وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ، تعلیم کے شعبے سے وابستہ ماہرین، پالیسی سازوں، جامعات کے نمائندگان، سیاحتی اداروں، سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔عثمان شوکت نے کہا کہ صنعت، اکیڈمیا اور حکومت کے درمیان مؤثر تعاون تعلیم، سیاحت، سرمایہ کاری اور جدت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور نوجوانوں کیلئے معیاری فنی و تکنیکی تعلیم کے مواقع بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور سیاحت کے باہمی فروغ سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا، روزگار میں اضافہ اور پائیدار معاشی ترقی کی رفتار تیز کی جاسکتی ہے۔