آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن (اے پی پی ایس سی اے) کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کہا ہے
تعلیمی پالیسی کی تشکیل میں نجی تعلیمی شعبے سے مشاورت ضروری ہے، ڈاکٹر ابرار حسین ملک

مزید خبریں
راولپنڈی ۔29ستمبر (اے پی پی):آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن (اے پی پی ایس سی اے) کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کہا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے ملک میں فروغ تعلیم، تعلیمی معیار کی بہتری اور نوجوان نسل کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے تعلیمی پالیسیوں کی تشکیل میں نجی تعلیمی اداروں اور تنظیموں کے سربراہان سے مؤثر مشاورت ضروری ہے۔یہ بات انہوں نے سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل محمد اشرف ہراج، نائب صدر جاوید اقبال راجہ، مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے سینئر عہدیداران ملک دین محمد اعوان، عرفان مظفر کیانی، انتخاب حسین، قاسم عباس، سید اسرار شاہ بخاری، محمد ابراہیم، ملک حفیظ الرحمن، حاجی عبدالرحیم خان، سردار گل زبیر خان، ڈاکٹر رخسانہ خان
صدر اے پی پی ایس سی اے فیمیل ونگ و ممبر بورڈ آف گورنرز فیڈرل بورڈ ذوالفقار علی صدیقی اور ملک شوکت علی اعوان نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کہا کہ ملک میں بڑی تعداد میں طلبہ نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں جبکہ یہ ادارے لاکھوں خاندانوں کو روزگار بھی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی پالیسی مرتب کرتے وقت نجی تعلیمی شعبے کے تجربات، عملی مسائل اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے حکومت اور نجی تعلیمی شعبے کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نجی تعلیمی اداروں کے نمائندگان کو تعلیمی پالیسی سازی کے مشاورتی عمل میں بامعنی طور پر شامل کیا جائے تاکہ پالیسیاں ملک کی موجودہ اور مستقبل کی تعلیمی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں۔








