تعلیم اور صحت قومی ترقی کے حقیقی ستون ، حکومت تمام شعبوں خصوصاً صحت میں ترقی کیلئے پرعزم ہے،سینیٹر عامرولی الدین چشتی

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز و کوآرڈینیشن کے چیئرمین سینیٹر عامر ولی الدین چشتی نےسی پی ایس پی کی طبی تعلیم، بہتر صحت سہولیات اور شفاف امتحانی نظام میں قائدانہ کردار پر خراج ِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت تمام شعبوں خصوصاً صحت میں ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا …

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز و کوآرڈینیشن کے چیئرمین سینیٹر عامر ولی الدین چشتی نےسی پی ایس پی کی طبی تعلیم، بہتر صحت سہولیات اور شفاف امتحانی نظام میں قائدانہ کردار پر خراج ِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت تمام شعبوں خصوصاً صحت میں ترقی کے لیے پرعزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) کے 58ویں کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔ تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر بھی بطور مہمان خصوصی شریک تھیں جس میں 700 ایف سی پی ایس اور ایم سی پی ایس گریجویٹس کی کامیابیوں کا جشن منایا گیا۔سینیٹر عامر ولی الدین چشتی نے کامیاب ہونے والے نئے ماہر ڈاکٹروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی محنت، لگن، ہمت اور ثابت قدمی کو سراہا۔ انہوں نے صدر سی پی ایس پی پروفیسر خالد مسعود گوندل اور کونسل کے ارکان کو بھی مبارکباد دی اور بہترین انداز میں یادگار تقریب پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اعلیٰ معیار کی طبی تعلیم کے فروغ اور پاکستان میں صحت کی خدمات کو مضبوط بنانے میں سی پی ایس پی کے مسلسل کردار کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ادارہ اعلیٰ طبی تعلیم اور انسانیت کی خدمت کے لیے معیاری صحت سہولیات کی فراہمی میں اپنا قائدانہ کردار جاری رکھے گا۔سینیٹر عامرولی الدین چشتی نے قائمہ کمیٹی کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی صحت کے حوالے سے مثبت پالیسیوں اور اقدامات کی مکمل حمایت کے لیے تیار ہے۔انہوں نے صحت کی سہولیات تک رسائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت تمام شعبوں خصوصاً صحت میں ترقی کیلئے پرعزم ہے۔

پاکستان کی اکثریتی آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہےاس لیے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ صحت کی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ضلع اور تحصیل ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ان اقدامات میں سی پی ایس پی کے کردار کی بھی تعریف کی۔میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سینیٹر عامرولی الدین چشتی نے کہا کہ ان کا فوکس ایم ڈی کیٹ کو بہترین اور شفاف امتحان بنانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال پیپر لیک سے متعلق کوئی میڈیا رپورٹ سامنے نہیں آئی، جو امتحانی نظام میں بہتری کے لیے6 ماہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ ایم ڈی کیٹ کو ملک کا بہترین داخلہ امتحان بنایا جائے۔انہوں نے صحت مند اور تعلیم یافتہ معاشرے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے طبی برادری سے اپیل کی کہ وہ نوجوان ڈاکٹرز کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی جاری رکھیں تاکہ وہ پاکستان کے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ڈاکٹروں میں بے پناہ صلاحیت اور جرات ہے۔ ہمیں پاکستانی ٹیلنٹ کی تربیت اور حوصلہ افزائی جاری رکھنی چاہیے، کیونکہ تعلیم اور صحت ہی ہمارے قومی ترقی کے حقیقی ستون ہیں۔آخر میں سینیٹر عامر ولی الدین چشتی نے سی پی ایس پی کی خدمات کو ایک بار پھر سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ نئے ماہر ڈاکٹر پاکستان کے صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں فعال کردار ادا کریں گے۔