تعلیم بنیادی حق ہے ، کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے منگل کو یہاں اسلام آباد میں ’’نو چائلڈ لیفٹ بیہائنڈ‘‘ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ یہ مہم یونین کونسل کی سطح پر کارپٹ کوریج حکمت عملی کے تحت شروع کی گئی ہے جس کا مقصد تعلیم تک ہمہ گیر رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق …

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے منگل کو یہاں اسلام آباد میں ’’نو چائلڈ لیفٹ بیہائنڈ‘‘ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ یہ مہم یونین کونسل کی سطح پر کارپٹ کوریج حکمت عملی کے تحت شروع کی گئی ہے جس کا مقصد تعلیم تک ہمہ گیر رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق افتتاحی تقریب آئی ایم سی بی جابہ ٹیلی، اسلام آباد میں منعقد ہوئی ۔وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزارت کے سینئر افسران، شراکت دار اداروں کے نمائندگان، ترقیاتی شراکت داروں بشمول جائیکا (JICA) اور کمیونٹی سٹیک ہولڈرز بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے آئین کے آرٹیکل 25-اے کے تحت تعلیم کے بنیادی حق کے حوالے سے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل سطح پر کارپٹ کوریج ماڈل کے تحت کوئی گھر نظر انداز نہیں ہوگا اور کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔سیکرٹری ندیم محبوب نے اپنے خطاب میں بتایا کہ اس مہم کا مقصد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں آئوٹ آف سکول بچوں کی نشاندہی، اندراج اور برقرار رکھنے کو مربوط اور باہمی اشتراک کے ذریعے یقینی بنانا ہے۔ اس اقدام کے تحت تمام یونین کونسلز میں گھر گھر سروے کیے جائیں گے تاکہ ہر ایسے بچے کی نشاندہی ہو سکے جو سکول سے باہر ہے اور اسے رسمی یا غیر رسمی تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

اس عمل میں گھر گھر آگاہی، ریئل ٹائم ڈیٹا انٹری اور شفافیت و احتساب کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ نگرانی کا نظام شامل ہے۔تقریب میں نان فارمل ایجوکیشن سینٹرز میں داخل بچوں میں سکول بیگز بھی تقسیم کیے گئے تاکہ داخلے کی حوصلہ افزائی ہو اور والدین پر مالی بوجھ کم کیا جا سکے۔یہ مہم حکومت کے شمولیت، مساوات اور انسانی سرمائے کی ترقی کے وسیع تر وژن کی عکاس ہے اور اسے نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی)، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن (پی آئی ای)، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا)،

بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز (بی ای سی ایس)، جونیئر جناح ٹرسٹ (جے جے ٹی) اور دیگر شراکت داروں کے تعاون سے نافذ کیا جا رہا ہے۔وزارت نے والدین، کمیونٹی رہنمائوں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قومی اقدام کی بھرپور حمایت کریں تاکہ اسلام آباد کا ہر بچہ سکول میں داخل ہو اور معیاری تعلیم حاصل کر سکے۔