تمام ہسپتال فائر سیفٹی اور ہنگامی حالات کی پیشگی تیاری کے اصولوں پر مکمل عملدرآمد کریں، سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن

تمام ہسپتال فائر سیفٹی اور ہنگامی حالات کی پیشگی تیاری کے اصولوں پر مکمل عملدرآمد کریں، سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن

کراچی۔ 27 اگست (اے پی پی):سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے بھر کے تمام ہسپتالوں کو ہدایت کی ہے کہ کمیشن کی جانب سے مقرر کردہ فائر سیفٹی، ہنگامی حالات اور آفات سے نمٹنے کی تیاری کے حفاظتی معیارات اور مروجہ اصولوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق کمیشن کی جانب سے وقتاً فوقتاً صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کو آگ لگنے، قدرتی یا دیگر آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مناسب تیاری اور حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی جاتی رہی ہیں تاہم گزشتہ معائنوں اور مانیٹرنگ وزٹس کے دوران انسپکیشن ٹیم کے اراکین کی جانب سے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد میں بعض خامیوں اور کمیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن اب سندھ بھر میں بغیر پیشگی اطلاع کے اچانک معائنہ اور مانیٹرنگ وزٹس کرے گا، جن کا مقصد صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں میں مقررہ حفاظتی معیارات پر حقیقی اور عملی سطح پر عملدرآمد کا جائزہ لینا ہے۔ معائنے کے دوران ایچ ایس سی سی کی انسپیکشن ٹیمیں نہ صرف فائر سیفٹی اور ہنگامی انتظامات کا موقع پر عملی جائزہ لیں گی بلکہ متعلقہ ریکارڈ اور دستاویزی شواہد بھی چیک کیے جائیں گے ۔

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے تمام اسپتالوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے فائر سیفٹی اور ہنگامی تیاری کے انتظامات کا جامع جائزہ لیں، مطلوبہ سیلف آڈٹ اور فرضی مشقیں منعقد کریں، تمام متعلقہ ریکارڈز کو اپ ڈیٹ کریں اور سامنے آنے والی خامیوں کو بلا تاخیر دور کریں۔ مقررہ حفاظتی معیارات پرعملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں قابلِ اطلاق قانونی و ضابطہ جاتی فریم ورک کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید خبریں