سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی امور اور کارکردگی کی مؤثر نگرانی کے لئے ’’مینجمنٹ اوور سائٹ کمیٹی‘‘ تشکیل دی گئی ہے، اعظم نذیر تارڑ

سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی امور اور کارکردگی کی مؤثر نگرانی کے لئے ’’مینجمنٹ اوور سائٹ کمیٹی‘‘ تشکیل دی گئی ہے، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی امور اور کارکردگی کی مؤثر نگرانی کے لئے ایک ’’مینجمنٹ اوور سائٹ کمیٹی‘‘ تشکیل دے دی گئی ہے۔ جمعرات کو وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت (فوسپا) کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے تاکہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں کی نگرانی کی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پمز میں نوزائیدہ بچوں کی المناک اموات کے بعد یہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کا مقصد سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی اور طبی انتظام کو بہتر بنانا اور مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، یہ کمیٹی مریضوں کی دیکھ بھال، حفاظتی اقدامات، انتظامی نظام اور سرکاری ہسپتالوں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور ضروری اصلاحات و بہتری کے لئے تجاویز مرتب کرے گی۔

انہو ں نے کہا کہ کمیٹی پمز میں انتظامی ڈھانچے اور انتظامی نظام کا بھی جائزہ لے گی اور اس کے ادارہ جاتی انتظام اور خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے کے لئے وزیراعظم کو تجاویز پیش کرے گی۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں کے نظام کو بہتر بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے کہ مریضوں کو محفوظ، مؤثر اور معیاری طبی سہولیات میسر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ہسپتالوں کے انتظام کو مضبوط بنانے، احتساب کے عمل کو بہتر کرنے اور مریضوں کے تحفظ کو بڑھانے کے لئے حکومت کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔

مزید خبریں