تھانہ شبقدر پولیس کی کارروائی، غیرت کے نام پر دو خواتین اور ایک نوجوان کے قتل میں ملوث ملزمان گرفتار، آلۂ قتل پستول برآمد
تھانہ شبقدر پولیس کی کارروائی، غیرت کے نام پر دو خواتین اور ایک نوجوان کے قتل میں ملوث ملزمان گرفتار، آلۂ قتل پستول برآمد

مزید خبریں
پشاور۔ 05 جولائی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ رفعت اللہ خان (PSP) کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں بلاامتیاز جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق مورخہ 02 جولائی 2026 کو تھانہ شبقدر کی حدود مٹہ میں دو خواتین اور ایک نوجوان کے قتل کی اطلاع موصول ہوئی۔ واقعے کی سنگینی کے پیشِ نظر ڈی پی او چارسدہ کی ہدایت پر فوری طور پر خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔
پولیس کے مطابق ڈی ایس پی شبقدر عبدالرشید خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ شبقدر نوشیروان خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے جدید تفتیشی حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے واقعہ میں نامزد دو ملزمان فخر عالم اور مسمات (ش) کو محض دو گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر آلۂ قتل پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے، جبکہ واقعے میں ملوث ایک دیگر ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی پی او چارسدہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ مقدمہ کو تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے میرٹ پر یکسو کیا جائے اور واقعے میں ملوث ہر ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ چارسدہ پولیس اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات بلا تعطل جاری رہیں گے۔








