تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ، بین الاقوامی شہرت یافتہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے آنرز بورڈ پر اپنا نام چیک کیا

کراچی۔ 2 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بین الاقوامی شہرت یافتہ کھلاڑی وسیم اکرم نے نیشنل سٹیڈیم میں میڈیا باکس کے باہر نصب کئے جانے والے آنرز بورڈ کا معائنہ کیا۔ پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلی جارہی تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوںکی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں بدھ کو وسیم اکرم نے میڈیا باکس کے باہر نصب کئے گئے آنرز بورڈ کا معائنہ کیا اور بورڈ پر ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ اور اس سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے باﺅلرز کی لسٹ میں اپنا نام چیک کیا۔ آنرز بورڈ کی تنصیب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ یہ سابق اور موجودہ کھلاڑیوں کےلئے اعزاز کی بات ہے کہ اچھی کارکردگی پر ان کا نام آنرز بورڈ پرآویزاں کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس اقدام کی تعریف کرنی چاہئیے، اس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔