ثمین وعاطف رانا کا ویژن، لاہور قلندرز دنیا کی سب سے ویلیو ایبل ٹی ٹونٹی فرنچائز بن گئی، اے بی ڈی ویلیئرز کا لاہور قلندرز کی قیادت و انتظامیہ کوخراجِ تحسین

لاہور۔28جنوری (اے پی پی):جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے لاہور قلندرز کے مالکان ثمین رانا اور عاطف رانا کی قیادت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے واضح ویژن،مستقل مزاجی اور مضبوط اقدار کی بدولت لاہور قلندرز آج دنیا کی سب سے ویلیو ایبل اور مثالی ٹی ٹونٹی فرنچائز بن چکی ہے۔ اے بی ڈی ویلیئرز …

لاہور۔28جنوری (اے پی پی):جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے لاہور قلندرز کے مالکان ثمین رانا اور عاطف رانا کی قیادت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے واضح ویژن،مستقل مزاجی اور مضبوط اقدار کی بدولت لاہور قلندرز آج دنیا کی سب سے ویلیو ایبل اور مثالی ٹی ٹونٹی فرنچائز بن چکی ہے۔

اے بی ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ٹی ٹونٹی فرنچائزز کی کوئی کمی نہیں تاہم بہت کم ٹیمیں ایسی ہوتی ہیں جو واضح ویژن، مضبوط اقدار اور طویل المدتی حکمتِ عملی کے ساتھ نمایاں مقام حاصل کر پاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران لاہور قلندرز نے خود کو انہی ممتاز فرنچائزز میں سرفہرست ثابت کیا ہے۔اپنے شاندار کیریئر کے دوران چند فرنچائزز کی نمائندگی کرنا واقعی باعثِ فخر ہوتا اور لاہور قلندرز ان میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔

اے بی ڈی ویلیئرز نے لاہور قلندرز کی نمائندگی کو اپنے کیریئر کا ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فرنچائز کی کامیابیاں محض ٹرافیوں تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک مضبوط، منظم اور پائیدار ماڈل کی عملی مثال ہے۔سابق کپتان نے لاہور قلندرز کے مالکان ثمین رانا، عاطف رانا اور ان کی پوری ٹیم کو گزشتہ دس برسوں میں فرنچائز کی قدر میں غیر معمولی اضافے اور اسے موجودہ دور کی سب سے ویلیو ایبل ٹی ٹونٹی فرنچائز بنانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام کامیابیاں درست فیصلوں، مسلسل حکمتِ عملی اور قیادت کے تسلسل کا نتیجہ ہیں۔اے بی ڈی ویلیئرز نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ وہ اس موقع پر لاہور میں ٹیم کے ساتھ موجود نہیں ہو سکتے، تاہم انہوں نے آئندہ دس برسوں کے لیے لاہور قلندرز کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے فرنچائز کے روشن مستقبل پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ ثمین رانا اور عاطف رانا کی قیادت میں لاہور قلندرز آج نہ صرف مالی اور برانڈ ویلیو کے لحاظ سے بلکہ کرکٹنگ اقدار، مضبوط ٹیم کلچر اور میدان میں مسلسل کامیابی کے حوالے سے بھی ایک نمایاں مثال بن چکی ہے۔

گزشتہ چار برسوں میں تین بڑے ٹورنامنٹس جیت کر لاہور قلندرز نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ مضبوط ویژن اور مستقل قیادت کے ذریعے نہ صرف کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ اسے طویل عرصے تک برقرار بھی رکھا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لاہور قلندرز آج عالمی ٹی ٹونٹی فرنچائز کرکٹ میں ایک مکمل، کامیاب اور قابلِ تقلید ماڈل کے طور پر اپنی منفرد شناخت رکھتی ہے۔