جاز ورلڈ اور ملالہ فنڈ پاکستان کا بچیوں کی تعلیم کے فروغ کےاشتراک کے لئے ایم او یو پر دستخط

جاز ورلڈ اور ملالہ فنڈ پاکستان کا بچیوں کی تعلیم کے فروغ کےاشتراک کے لئے ایم او یو پر دستخط

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):جاز ورلڈ اور ملالہ فنڈ پاکستان نے پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے ایک ایم او یو پر دستخط کر دیئے ہیں ۔جاری پریس ریلیز کے مطابق شراکت داری کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے آگاہی اور حمایتی سرگرمیاں چلائیں گے، جن میں تماشا ایپ کے ذریعے مختلف آگاہی سرگرمیاں اور اہم عالمی دنوں، خصوصاً عالمی یومِ اطفالِ نسواں کے موقع پر خصوصی اقدامات شامل ہوں گے۔ملالہ فنڈ پاکستان کی تیار کردہ تعلیمی معلومات اور مواد کو ملک بھر کے مختلف طبقات اور کمیونٹیز تک پہنچایا جائے گا۔اس تعاون کا ایک اہم پہلو سندھ کے ضلع تھر، بلوچستان کےضلع خضدار، پنجاب کے ضلع وہاڑی، اور خیبر پختونخوا کےاضلاع چارسدہ اور شانگلہ میں کمیونٹی سطح پر متحرک سرگرمیوں کا انعقاد بھی ہوگا۔

ان سرگرمیوں میں شریک افراد کو جاز ورلڈ کے ڈیجیٹل ایکوسسٹم کے تحت دستیاب معلومات اور سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی، جن میں فکر فری، اپنا کلینک اور ٹیوٹر جی شامل ہیں، تاکہ ان کی تعلیم، صحت اور ذاتی ترقی سے متعلق ضروریات پوری کی جا سکیں۔ جاز لائف اسٹائل وینچرز کے صدر علی فہد نے کہا ہے کہ جاز ورلڈ میں ہمارا یقین ہے کہ ڈیجیٹل شمولیت کو حقیقی مواقع میں تبدیل ہونا چاہیے۔ ملالہ فنڈ پاکستان کے ساتھ اس شراکت داری کے ذریعے ہم نوجوان لڑکیوں کو وہ ڈیجیٹل رسائی فراہم کرنے میں مدد دینا چاہتے ہیں جس کی انہیں اپنے خواب پورے کرنے کے لیے ضرورت ہے۔ ہماری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی رسائی، کمیونٹی شمولیت اور عملی تعلیم کے امتزاج سے ہم ان علاقوں میں دیرپا اثرات مرتب کرنے کی امید رکھتے ہیں جہاں تعلیمی مواقع اب بھی محدود ہیں۔

ملالہ فنڈ پاکستان کی چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر نشاط ریاض نے کہا کہ آج صرف ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط نہیں ہوئے بلکہ پاکستان بھر کی لڑکیوں کی آواز اور امنگوں کو مزید مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے ایک نئی شراکت داری کا آغاز ہوا ہے۔ ملالہ فنڈ میں ہمارا یقین ہے کہ رویوں میں تبدیلی لانا پالیسیوں میں تبدیلی جتنا ہی اہم ہے، اور تماشا پلیٹ فارم کے ذریعے جاز ورلڈ کی وسیع رسائی ہمیں دونوں مقاصد حاصل کرنے کا مؤثر ذریعہ فراہم کرتی ہے۔ ہم جاز ورلڈ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمارے ساتھ مل کر ٹیکنالوجی اور موثر اندازِ بیان کے ذریعے ہمارے دور کے ایک اہم مقصد، یعنی بچیوں کی تعلیم، کے فروغ کا عزم کیا ہے۔

یہ شراکت داری پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں بچیوں کے لیے تعلیمی مواقع بڑھانے اور ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ آگاہی اور حمایتی سرگرمیاں ، ٹیکنالوجی اور کمیونٹی شمولیت کو یکجا کرتے ہوئے جاز ورلڈ اور ملالہ فنڈ پاکستان کا مقصد نوجوان خواتین کی نئی نسل کو بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ ملک کے سماجی اور معاشی مستقبل میں زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

مزید خبریں