جامعیت پاکستان کے تعلیمی اصلاحاتی ایجنڈے کی اساس ہے، وفاقی سیکرٹری وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت
جامعیت پاکستان کے تعلیمی اصلاحاتی ایجنڈے کی اساس ہے، وفاقی سیکرٹری وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت

مزید خبریں
اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ندیم محبوب نے کہا ہے کہ جامعیت پاکستان کے تعلیمی اصلاحاتی ایجنڈے کا محض اضافی حصہ نہیں بلکہ اس کی اساس ہے، اور مختلف صلاحیتوں کے حامل طلبہ کو قومی تعلیمی نظام کے مرکز میں رکھا جا رہا ہے تاکہ ایک منصفانہ، ہم آہنگ اور بااختیار معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔
انہوں نے یہ بات ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن کے تحت کام کرنے والے نیشنل اسپیشل ایجوکیشن سینٹر فار وژوئلی ہینڈی کیپڈ چلڈرن اور فزیکل ہینڈی کیپڈ سینٹر کے دورے کے دوران کہی۔ یہ دورہ وزارت کی اس جاری کوشش کا حصہ تھا جس کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ تعلیمی اصلاحات صرف پالیسی دستاویزات تک محدود نہ رہیں بلکہ عملی طور پر ایسے تعلیمی ماحول میں نظر آئیں جو ہر طالبعلم کی ضروریات کے مطابق تشکیل دیے گئے ہوں۔ سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ وزارت کا وژن صرف عمارتوں اور انفراسٹرکچر کی بہتری تک محدود نہیں بلکہ جامع تعلیم ایک طویل اور بامقصد سفر کا آغاز ہے، جو جامع کلاس رومز سے جامع افرادی قوت اور بالآخر ایک زیادہ مساوی معاشرے کی تشکیل تک جاتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مختلف صلاحیتوں کے حامل طلبہ اصلاحاتی عمل کے حاشیے پر نہیں بلکہ اس کے مرکز میں ہیں۔
نیشنل سپیشل ایجوکیشن سینٹر فار وژوئلی ہینڈی کیپڈ چلڈرن کے دورے کے دوران سیکریٹری تعلیم نے جاری تزئین و آرائش کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم ہدایت کی کہ مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید، قابلِ رسائی اور ضرورت پر مبنی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ سماعت اور بصارت سے متعلق مختلف ضروریات رکھنے والے طلبہ کو مؤثر تعلیمی معاونت حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ترقیاتی منصوبہ وزارت کے اس عزم کی عکاسی کرے جو طلبہ کے وقار، تحفظ اور احساسِ شمولیت سے وابستہ ہے۔ فزیکل ہینڈی کیپڈ سینٹر میں گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری تعلیم نے اس بات پر زور دیا کہ تمام تعمیراتی اور ڈیزائن فیصلے طالبعلم کو مرکز میں رکھ کر کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ تزئین و آرائش کا مقصد صرف جسمانی رسائی فراہم کرنا نہیں بلکہ ایسا جامع اور ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ ماحول تشکیل دینا ہے جو حقیقی معنوں میں بامعنی شمولیت کو فروغ دے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ معیار کے مطابق اور بروقت مکمل کیے جائیں جبکہ مختلف صلاحیتوں کے حامل طلبہ کی عزت، سہولت اور فلاح و بہبود کو ہر صورت ترجیح دی جائے۔ دورے کے دوران ڈائریکٹر اکیڈمکس،ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور منصوبے کے فوکل پرسن نے سیکریٹری کو جاری ترقیاتی اقدامات، ٹائم لائنز اور پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر سیکریٹری نے ادارہ جاتی کارکردگی اور تعمیراتی معیار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزارت اپنے تمام اداروں میں اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب مختلف صلاحیتوں کے حامل کسی طالبعلم کو قابلِ رسائی، جدید اور معاون تعلیمی ماحول فراہم کیا جاتا ہے تو اس کے مثبت اثرات صرف فرد تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورا معاشرہ اس سے مستفید ہوتا ہے۔ ایک جامع کلاس روم دراصل ایسے گریجویٹس کو جنم دیتا ہے جو ایک ایسے معاشرے اور افرادی قوت کا حصہ بنتے ہیں جو انسانی تنوع کو تسلیم کرنے اور اس سے فائدہ اٹھانے کی بہتر صلاحیت رکھتی ہے۔ سیکریٹری ندیم محبوب نے کہا کہ ’’جامع کلاس رومز سے جامع معاشرے تک‘‘ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا ایک فعال، مضبوط اور غیر متزلزل عزم ہے۔








