جانے کی قیاس آرائیاں معمول کی بات ہے، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت جانے کی قیاس آرائیاں معمول کی بات ہے، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے جلوسوں سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، اپوزیشن تعمیری ڈائیلاگ کرنا چاہتی ہے تو حکومت خیرمقدم کرے گی، حکومت کیلئے مہنگائی اور گورننس اصل چیلنج ہیں، …

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت جانے کی قیاس آرائیاں معمول کی بات ہے، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے جلوسوں سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، اپوزیشن تعمیری ڈائیلاگ کرنا چاہتی ہے تو حکومت خیرمقدم کرے گی، حکومت کیلئے مہنگائی اور گورننس اصل چیلنج ہیں، مہنگائی پر قابو نہ پا سکے تو سیاسی قیمت ادا کرنا پڑے گی، کورونا وائرس تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے، اگر عوام نے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ کیا تو وبا کے خطرناک حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر اعوان نے مزار قائد کی بے حرمتی کی اور سیاسی نعرے لگائے، کیا آئی جی سندھ نے نہیں دیکھا کہ مزار قائد کی بے حرمتی کی گئی، قوم اس واقعہ کو نہیں بھول سکتی، ہمارا مقدمے سے کوئی تعلق نہیں، مزار قائد کی تکریم کا سوال ہے، حکومت کو کراچی واقعہ کی رپورٹ کا انتظار ہے اس معاملے کو ایسے نہیں جانے دے سکتے۔ اسد عمر نے کہا کہ تمام مسائل پر بات چیت کیلئے حکومت کے دروازے کھلے ہیں، اپوزیشن کے پاس اگر معیشت کی بہتری، وبا اور مہنگائی پرقابو پانے کیلئے تجاویز ہیں تو پیش کرے لیکن حکومت کسی صورت میں بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے معاملے پر سمجھوتہ کرے گی اور نہ ہی این آر او دے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جو کچھ ہوا وہ سندھ حکومت کے ماتحت اداروں میں ہوا، تحقیقات کرنا وزیراعظم عمران خان کا نہیں بکہ سندھ حکومت کی ذمہ داری تھی، بلاول بھٹو سمیت سندھ کی پوری کابینہ نے تحقیقاتی رپورٹ کو سراہا ہے البتہ نواز شریف جو مفرور اور اشتہاری ہیں انہوں نے رپورٹ پر اعتراض کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ تین ڈیموں پر کام ہو رہا ہے، سڑکیں بنائی جا رہی ہیں، 70 سال کی تاریخ میں ریلوے کیلئے سب سے بڑا ایم ایل ون منصوبہ ہے، چین کے ساتھ فنانسنگ معاہدے کی بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد فاٹا کیلئے تاریخی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا، دس سالوں کے دوران ایک ہزار ارب روپے خرچ ہوں گے، اسی طرح کراچی کیلئے تاریخی ترقیاتی پیکیج کا اعلان بھی کیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان کل جمعہ کو تربت کیلئے بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے نظام کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس بار دونوں شعبوں کیلئے دوگنا بجٹ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پلاننگ ڈویژن کا حصہ ہے، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ اب بھی چیئرمین سی پیک ہیں، ان کے ساتھ کام کرنے میں آسانی ہوئی ہے اور ہم بہتر نتائج بھی حاصل کر چکے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگ احتیاط نہیں کر رہے جس کی وجہ سے کورونا تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے، تمام سیاسی جماعتوں اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ عوامی اجتماعات سے گریز کریں، ماسک پہنیں، سماجی فاصلہ رکھیں اور کثرت کے ساتھ ہاتھ دھوئیں۔

مزید خبریں