ٹوکیو۔27جنوری (اے پی پی):جاپان میں 8 فروری کو ہونے والے قبل از وقت عام انتخابات کے لیے منگل کو ملک بھر میں انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے جس میں ایوانِ نمائندگان کی تمام 465 نشستوں پر مقابلہ ہوگا۔ چینی خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق ایوانِ نمائندگان کی 465 نشستوں میں سے 289 نشستوں پر واحد رکن حلقوں کے تحت جبکہ 176 نشستوں پر 11 علاقائی بلاکس …
جاپان، قبل از وقت عام انتخابات کے لئے مہم کا آغاز کر دیا گیا

مزید خبریں
ٹوکیو۔27جنوری (اے پی پی):جاپان میں 8 فروری کو ہونے والے قبل از وقت عام انتخابات کے لیے منگل کو ملک بھر میں انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے جس میں ایوانِ نمائندگان کی تمام 465 نشستوں پر مقابلہ ہوگا۔ چینی خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق ایوانِ نمائندگان کی 465 نشستوں میں سے 289 نشستوں پر واحد رکن حلقوں کے تحت جبکہ 176 نشستوں پر 11 علاقائی بلاکس میں متناسب نمائندگی کے ذریعے انتخاب ہوگا۔
قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق ایک ہزار 200 سے زائد امیدواروں کے انتخاب میں حصہ لینے کی توقع ہے،انتخابی مہم کے دوران مہنگائی سے نمٹنے، خارجہ پالیسی اور سلامتی امور پر حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان سخت سیاسی مباحثے متوقع ہیں۔گزشتہ ایوانِ نمائندگان میں ایل ڈی پی کے پاس 199 نشستیں جبکہ اس کی اتحادی جماعت جے آئی پی کے پاس 34 نشستیں تھیں۔
وزیر اعظم سانے تاکائیچی جو ایل ڈی پی کی صدر بھی ہیں، نے گزشتہ روز جماعتی رہنماؤں کے مباحثے میں کہا کہ اگر حکمران اتحاد اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا تو وہ فوری طور پر عہدے سے مستعفی ہو جائیں گی۔رواں ماہ کے آغاز میں قائم ہونے والی نئی اپوزیشن جماعت سینٹرسٹ ریفارم الائنس 165 ارکان کے ساتھ ایوانِ زیریں میں سب سے بڑی اپوزیشن جماعت بن چکی ہے، اس کے علاوہ آئینی ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان اور ایل ڈی پی کی سابق اتحادی جماعت کومیتو کے درمیان نیا اتحاد بھی حکمران کنزرویٹو اتحاد کو شکست دینے کے لیے میدان میں ہے۔
23 جنوری کو وزیر اعظم تاکائیچی نے قبل از وقت انتخابات کے لیے ایوانِ نمائندگان تحلیل کیا جو گزشتہ 60 سال میں باقاعدہ پارلیمانی اجلاس کے آغاز پر پہلی تحلیل قرار دی جا رہی ہے۔اس فیصلے پر تنقید کی جا رہی ہے کہ ووٹرز کو پالیسی تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے محدود وقت دیا گیا کیونکہ انتخابی مہم کی مدت صرف 12 دن ہے جو جاپان کی جنگِ عظیم دوم کے بعد کی تاریخ کی مختصر ترین مہم ہے۔واضح رہے کہ جاپان میں ایوانِ نمائندگان کے انتخابات مخلوط انتخابی نظام کے تحت ہوتے ہیں جس میں ہر ووٹر دو ووٹ ڈالتا ہے، ایک واحد رکن حلقے کے امیدوار کے لیے اور دوسرا متناسب نمائندگی کے لیے کسی سیاسی جماعت کے حق میں ڈالاجا تا ہے ۔








