جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر کے کنٹری آفیسرکی ڈی جی پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی سے ملاقات

جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر کے کنٹری آفیسر کانیکو ناہومی نے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر لبنی نذیر اور ڈائریکٹر فنانس چوہدری زبیر احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کانیکو ناہومی نے جاپان ڈویلپمنٹ اسکالرشپ 2026 کے بارے میں بریفنگ دی

لاہور۔13اکتوبر (اے پی پی):جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر کے کنٹری آفیسر کانیکو ناہومی نے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر لبنی نذیر اور ڈائریکٹر فنانس چوہدری زبیر احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کانیکو ناہومی نے جاپان ڈویلپمنٹ اسکالرشپ 2026 کے بارے میں بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس اسکالرشپ پروگرام کا مقصد حکومتِ پاکستان کی انتظامی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور اہل سرکاری افسران کو جاپانی جامعات سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت خواتین سرکاری افسران کو بھی درخواست دینے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ اسکالرشپ میں اسلام آباد اور جاپان کے درمیان آنے جانے کا ہوائی ٹکٹ، ماہانہ وظیفہ، متعلقہ جاپانی جامعہ کی مکمل ٹیوشن فیس، دیگر مقررہ الاؤ نسز اور رہائش کے انتظامات میں معاونت شامل ہے۔ تدریس کا ذریعہ انگریزی زبان ہوگا۔ اسکالرشپ کی درخواست دینے کے لیے امیدوار کی عمر25 سے40 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ امیدوار کے پاس حکومتِ پاکستان یا کسی دوسرے ملک سے تسلیم شدہ بیچلر ڈگری ہونا ضروری ہے۔

عمومی طور پر16 سالہ رسمی تعلیم درکار ہے تاہم متعلقہ تعلیمی یا تحقیقی پس منظر اور کام کے تجربے کو متبادل بنیاد کے طور پر بھی زیرِ غور لایا جا سکتا ہے۔ یہ اسکالرشپ وفاقی حکومت پاکستان کے متعلقہ پیشہ ورانہ گروپس کے کیڈر افسران اور وفاقی حکومت کے بی ایس۔17 یا اس سے اوپر کے سابقہ کیڈر افسران کے لیے ہے۔ سال2026 کے پروگرام کے تحت مجموعی طور پر16 اسکالرشپ نشستیں دستیاب ہیں، جن میں11 نشستیں پبلک ایڈمنسٹریشن و فنانس،3 صنعتی فروغ و سرمایہ کاری کے ماحول اور2 توانائی پالیسی و موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے شعبوں کے لیے مختص ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 نومبر 2026 ہے۔