جاپان اور ویٹی کن امن کی قدر کرتے ہیں، جاپانی وزیر اعظم

ٹوکیو۔ 27 نومبر (اے پی پی) جاپانی وزیر اعظم شنزو ابے نے کہا ہے کہ جاپان اور ویٹی کن امن کی قدر کرنے والے شراکت دار ہیں۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹوکیو میں وزیر اعظم شنزو ابے نے پوپ فرانسس سے ہونے والی ملاقات میں کہا کہ جاپان اور ویٹی کن ایسے شراکت دار ہیں اور دونوں امن کی قدر کرتے ہیں، جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا، غربت کے خاتمے کے علاوہ انسانی حقوق اور ماحولیات کی بہتری چاہتے ہیں۔انہوں نے امید کرتے ہوئے کہا کہ پوپ کا دورہ جاپان اور ویٹی کن کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کا موقع ثابت ہو گا۔واضح رہے کہ دونوں فریقوں نے مضبوط تعلقات کے فروغ کے ساتھ ساتھ جوہری ہتھیاروں میں کمی اور عالمی حدت جیسے بین الاقوامی معاملات پر تعاون کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔