جب تک ہندوستان کشمیریوں کو انکا بنیادی حق خود ارادیت نہیں دیتا ان سے کرکٹ مقابلے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہونگے ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد ۔ 8 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جب تک ہندوستان کشمیریوں کو انکا بنیادی حق خود ارادیت نہیں دیتا ان سے کرکٹ مقابلے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہونگے ،کھیلوں کا فروغ صحت مند معاشرے کیلئے ضروری ہے ، ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی نیک شگون ہے، ملک کے دیگر شہروں …

اسلام آباد ۔ 8 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جب تک ہندوستان کشمیریوں کو انکا بنیادی حق خود ارادیت نہیں دیتا ان سے کرکٹ مقابلے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہونگے ،کھیلوں کا فروغ صحت مند معاشرے کیلئے ضروری ہے ، ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی نیک شگون ہے، ملک کے دیگر شہروں میں بھی کرکٹ بحال کرینگے،وزیر اعظم نے کرکٹ کے ڈھانچے کی تشکیل نو کی ہے ۔ کھیل قوموں میں اتحاد پیدا کرتے ہیں اور دنیا کے سامنے معاشرے کی مثبت ساکھ پیش کرتے ہیں ، پاکستان میں کرکٹ بحالی سے پاکستان کے بارے میں دنیا کے سامنے غلط بیانیہ دینے والے کے ارمان برباد ہوگئے۔ ہفتہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ بنگہ دیش کی ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئندہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے ۔کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کو بھی ملک میں بحال کرنا چاہتے ہیں۔حکومت نے ڈومیٹسک سطح پر کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط کیا۔سری لنکا کی کرکٹ ٹیم اور حکومت کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے نمایاں کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ سے دنیا میں پاکستان کی ساکھ کی بحالی پاکستان میں کرکٹ کے سٹرکچر کو بہتر بنانے میں ، میرٹ پر ٹیم کا انتخاب ایسے اقدامات ہیں جن سے پاکستان میں کرکٹ پھلے پھولے گی ۔ وزیر اعظم عمران خان خود کھلاڑی ہیں اور وہ کھیل کی افادیت سے آگاہ ہیں ۔ کھیل ذہنی آبیاری میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور اعصاب کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ عمران خان چیلینجوں کو موقعوں میں بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت سپورٹس بورڈ میں اصلاحات لائی ہے ، کبڈی کا ورلڈ کپ پاکستان میں منعقد ہو رہا ہے ،ہمارے ہاں ہر کھیل میں ٹیلنٹ موجود ہے ۔اس ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے مقابلے کیلئے تیار کرنا حکومت کا عزم ہے ، انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کا سفر مزید آگے بڑھے گا اور دنیا بھر کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔ اس وقت پاکستان سیاحت کے حوالے سے دنیا کا محفوظ ترین ملک ہے ۔ مختلف ممالک اپنی ٹریول ایڈوائزری میں نرمی کر رہے ہیں ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے امن کے داعی اور علمبردار ہونے کے بیانیہ کو دنیا پذیرائی دے رہی ہے ،کھیلوں کے ذریعے ہم دنیا کے سامنے پاکستان کا حقیقی روشن چہرہ روشناس کرائیں گے ۔ پاکستان میں کھیل کے میدان آباد ہوئے ہیں تو یہ وزیر اعظم کی کاوشیں ہیں ، وزیر اعظم کی ذمہ داریاں ایسی ہیں کہ انہیں قومی ایجنڈے کو مدنظر رکھنا ہوتا ہے ، وہ جہاں بھی ہوں انہیں کرکٹ کی بہتری عزیز ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ساﺅتھ ایشین گیمز کے انعقاد سے ان ممالک کے ساتھ پاکستان روابط مضبوط ہونگے، پاکستان کا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے پیش کرنے مواقع میسر آئیں گے ۔ اس عالمی ایونٹ پر دنیا کی نظریں ہونگی، حکومت اسے نظر انداز نہیں کر سکتی ، اس کیلئے تمام متعلقہ وزارتیں اور ادارے کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم اس ایونٹ کیلئے ذمہ داریاں تفویض کر رہے ہیں ، یہ ٹیسٹ کیس ہے ہم اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں ہم وزارتوں سے بھی کہیں گے کہ وہ میڈیا کو اسے بارے میں آگاہ کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ مقامی آبادی کی جانب سے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے دی گئی قربانیوں کو سراہتی ہیں ، قوم کے اس جذبہ سے آگاہ ہیں کہ وہ ملکی وقار کیلئے ذاتی مشکلات نظر انداز کر دیتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ایسا لائحہ عمل بنانا چاہتے تاکہ کھلاڑیوں کی نقل و حرکت کی وجہ سے شہری حقوق متاثر نہ ہوں ، وہ دن دور نہیں جب کھیل اور معمول کی سرگرمیاں ایک ساتھ چلیں گی، فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارے ایک ہمسایہ ملک نے پاکستان میں کرکٹ کے قتل عام کیلئے ہر فورم پر پراپیگنڈا کیا ، ہر راستے میں رکاوٹیں کھڑی کیں، پاکستان کے بارے میں غلط بیانہ دنیا کے سامنے رکھا تاہم آج اس کی نفی ہوگئی ہے ، ہندوستان سے کرکٹ کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب تک ہندوستان کشمیریوں کو انکا بنیادی حق نہیں دیتا اس سے کسی طرح کے مقابلے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے معترادف ہونگے ۔ بھارت فوری طور پر مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹائے ، وہاں کے لوگوں کو انسانوں کی طرح زندہ رکھنے کا حق دے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انہیں حق خودارادیت دے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تنازعہ کشمیر حل ہو جائے تو کون نہیں چاہے گا کہ دونوں ممالک کے درمیان کھیل کے مقابلے ہوں ، وفود کے تبادلے ہوں ، اگر کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہوگی تو ایسے میں کیسے مقابلے ہوسکتے ہیں۔ ایک سوا ل کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کرکٹ کی جنم بھومی ہے ۔ ٹی ٹوئنٹی ، ون ڈے اور ٹیسٹ میں اہم کھلاڑیوں کا تعلق سیالکوٹ سے ہے ، اس میں استعمال ہونے والا تمام سامان سیالکوٹ میں تیار ہوتا ہے ، وہاں کرکٹ کے سٹیڈیم آباد نہ ہوں تو یہ زیادتی ہے ، ہم اس کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انکی کوشش ہے کہ پہلے مرحلے میں خواتین کی کرکٹ ٹیم سیالکوٹ آکر کھیلے ، اس کیلئے وہ سہولت کاری کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیاں خواتین کھلاڑیوں کو بھی سپانسر کریں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے سپورٹس ایونٹس میں میڈیا کو بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں گی کیونکہ میڈیا کے ذریعے ہی یہ سرگرمیاں دنیا تک پہنچ سکتی ہیں اور توقع ہے کہ دنیا کی میڈیا تنظیموں سے ملک کر پاکستانی میڈیا یہ سرگرمیاں دنیا تک پہنچائے گا۔
zaa/skr/rmq/zri 1526