گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ تعلیم ہی پاکستان کی معاشی ترقی کی بنیاد بن سکتی ہے
جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ تعلیم ہی پاکستان کی معاشی ترقی کی بنیاد بن سکتی ہے، گورنر سندھ

مزید خبریں
کراچی۔ 01 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ تعلیم ہی پاکستان کی معاشی ترقی کی بنیاد بن سکتی ہے۔بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالا ت کا اظہار گورنر سندھ نے صدر آئی سی ایم اے عظیم حسین صدیقی کی سربراہی میں آنے والے وفدسے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں بہترین مواقع اور معیاری تعلیم فراہم کی جائے،سیکنڈری سطح سے ہی اکانٹنگ کی تعلیم متعارف کرانے سے بچوں میں مالی شعور اور ذمہ داری کا احساس پیدا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کرپشن کی روک تھام اور مالی شفافیت کے فروغ میں پروفیشنل اکانٹنٹس کا کردار انتہائی اہم ہے،قومی دولت کے ضیاع کو روکنا اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانا آپ لوگوں کی اولین ذمہ داری ہے۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آئی سی ایم اے کو صنعتوں کے ساتھ اپنے روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔وفد میں عامر اعجاز خان، حکیم علی جتوئی اور عاصم حسین خان شامل تھے۔ملاقات میں صدر آئی سی ایم اے نے بتایا کہ پاکستان بھر میں آئی سی ایم اے کے مختلف کیمپسز میں اس وقت 17 ہزار طلبہ و طالبات رجسٹرڈ ہیں۔انہوں نے کہاکہ آئی سی ایم اے سے فارغ التحصیل افراد کی مقامی اور بین الاقوامی سطح پر مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔








