جرمنی میں پاکستانی سفیر سے او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل کی ملاقات،تعلیمی شراکت داری کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا

جرمنی میں پاکستان کی سفیر ثقلین سیدہ سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے برلن میں ملاقات کی۔

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):جرمنی میں پاکستان کی سفیر ثقلین سیدہ سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے برلن میں ملاقات کی۔ منگل کو یہاں وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں فریقین کے درمیان جرمنی کے تحقیقی و تعلیمی اداروں اور او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان تعلیمی شراکت داری، مشترکہ تحقیق اور سائنسی ماہرین کے تبادلے کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا کہ ملاقات جرمنی کے ممتاز تحقیقی اداروں کے درمیان ممکنہ تعاون پر گفتگو کا اہم موقع ہے ۔

انہوں نے اس سلسلہ میں جرمنی کے معروف تحقیقی نیٹ ورکس جن میں لائبنز ایسوسی ایشن، میکس پلانک سوسائٹی، فراون ہوفر سوسائٹی اور ہیلم ہولٹز ایسوسی ایشن شامل ہیں کے ساتھ تعاون کے امکانات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کا تعاون او آئی سی کے رکن ممالک خصوصاً افریقہ کے کم ترقی یافتہ ممالک میں سائنسی استعداد بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے۔ ملاقات کے دوران پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے جرمن اکیڈمک ایکسچینج سروس (ڈی اے اے ڈی) کے تعاون سے کامسٹیک۔جرمنی سائنسی شراکت داری کے قیام کی تجویز پیش کی تاکہ طویل المدتی تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دیا جاسکے۔

انہوں نے قابلِ تجدید توانائی، ماحولیاتی تبدیلی، صحت کے علوم، مصنوعی ذہانت اور آبی تحفظ جیسے اہم شعبوں میں مشترکہ ترجیحی تحقیقی پروگرام شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جو پائیدار ترقی کے عالمی اہداف سے ہم آہنگ ہوں۔ ملاقات میں مجوزہ تعاون کے تحت مشترکہ فیلوشپس اور تعلیمی تبادلہ پروگراموں کے ذریعے وظائف اور تحقیقی مواقع میں اضافے کے امکانات بھی زیر غور آئے۔

اس کے ساتھ ساتھ جرمن۔اردنیہ یونیورسٹی کے ماڈل سے استفادہ کرتے ہوئے او آئی سی کے رکن ممالک میں مہاجرین اور میزبان کمیونٹیز کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کی تعلیم تک رسائی بڑھانے کے امکانات پر بھی بات کی گئی۔ انہوں نے پاکستانی سفیر ثقلین سیدہ کو پاکستان کے آئندہ دورے کے دوران اسلام آباد میں واقع او آئی سی۔کامسٹیک کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تاکہ اس اہم سائنسی تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر مزید پیش رفت کی جاسکے۔