جرمن فٹبال کلب بروسیا ڈورٹمنڈ کا یونانی مڈفیلڈر گیانس کونسٹانٹیلیاس کے ساتھ 5 سالہ معاہدہ
جرمن فٹبال کلب بروسیا ڈورٹمنڈ کا یونانی مڈفیلڈر گیانس کونسٹانٹیلیاس کے ساتھ 5 سالہ معاہدہ

مزید خبریں
برلن۔18اگست (اے پی پی):جرمن فٹبال لیگ بنڈس لیگا کے معروف کلب بروسیا ڈورٹمنڈ نے یونانی کلب پی اے او کے تھیسالونیکی کے انٹرنیشنل کھلاڑی گیانس کونسٹانٹیلیاس کو سائن کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔شنہوا کے مطابق 23 سالہ کھلاڑی گیانس کونسٹانٹیلیاس نے کلب کے ساتھ 5 سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
گیانس کونسٹانٹیلیاس اتوار کو ڈورٹمنڈ پہنچ چکے ہیں ، جہاں طبی معائنے کے بعد معاہدے کی تکمیل کی گئی۔ بروسیا ڈورٹمنڈ نے کولون کے ونگر سعید الملہ سے معاہدے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد یونانی مڈفیلڈر کو متبادل ہدف کے طور پر منتخب کیا۔
بروسیا ڈورٹمنڈ کو گیانس کونسٹانٹیلیاس کی آمد سے اپنی جارحانہ صف میں مزید مضبوطی کی امید ہے، خاص طور پر کریم عدیمی کے بارسلونا منتقل ہونے کے بعد کلب کے سپورٹنگ منیجنگ ڈائریکٹر لارس ریکن نے کہا کہ گیانس کونسٹانٹیلیاس ایک باصلاحیت اٹیکنگ کھلاڑی ہیں اور کلب طویل عرصے سے ان کی کارکردگی اور ترقی پر نظر رکھے ہوئے تھا۔
گیانس کونسٹانٹیلیاس نے 10 سال کی عمر میں پی اے او کے اکیڈمی پروگرام میں شمولیت اختیار کی اور 17 سال کی عمر میں سینئر ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا۔ وہ 2021-22 کے سیزن کے دوسرے مرحلے میں بیلجیم کے کلب کے اے ایس یوپن کی جانب سے قرض پر بھی کھیل چکے ہیں۔یونانی مڈفیلڈر نے 2024 میں پی اے او کو یونانی لیگ کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ 2021 میں یونانی کپ بھی جیتا۔
انہوں نے یونان کی مختلف جونیئر ٹیموں کی نمائندگی کے بعد مارچ 2023 میں قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا۔ اب تک وہ 18 بین الاقوامی میچز کھیل کر 4 گول کرچکے ہیں۔ گیانس کونسٹانٹیلیاس نے بروسیاڈورٹمنڈ میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا کلب ہے اور وہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
بروسیاڈورٹمنڈ کے ساتھ معاہدے کے بعد گیانس کونسٹانٹیلیاس کو یورپی چیمپئنز لیگ میں کھیلنے کا بھی موقع ملے گا، جبکہ ان کا سابق کلب پی اے او گزشتہ سیزن میں یورپا لیگ کے لیے کوالیفائی کرنے سے معمولی فرق سے محروم رہا تھا۔








