ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، ترک صدر

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، ترک صدر

انقرہ ۔18اگست (اے پی پی):ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے ۔ بی بی سی کے مطابق ترک صدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ ترک ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ٹیلیفونک گفتگو کے دوران رجب طیب اردوان نے امن کی کوششوں میں ترکیہ کی حمایت اور تعاون کی آمادگی کا اظہار کیا۔دریں اثنا امریکی صدر کے ایلچی جیرڈ کشنر نے کہا ہے کہ ایران اور امریکاکے درمیان مذاکرات سنجیدہ اور وسیع پیمانے پر جاری ہیں، تاہم فریقین ابھی تک کسی باہمی مفاہمت تک نہیں پہنچ سکے۔ جیرڈکشنر کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایرانی حکومت کے مختلف اداروں کے درمیان مذاکرات شاید پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں لیکن دونوں جانب ابھی تک کسی اتفاقِ رائے یا مفاہمت تک رسائی حاصل نہیں ہو سکی۔