جرمن چانسلر فریڈرش مرز کا امریکی حکومت سے جرمن انتخابات میں عدم مداخلت کا مطالبہ

جرمن چانسلر فریڈرش مرز نے کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ امریکہ جرمنی کے انتخابات میں کسی بھی قسم کی مداخلت کرے، اور توقع ظاہر کی کہ تمام ممالک جرمنی کے انتخابی قوانین کا احترام کریں گے

برلن ۔16جولائی (اے پی پی):جرمن چانسلر فریڈرش مرز نے کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ امریکہ جرمنی کے انتخابات میں کسی بھی قسم کی مداخلت کرے، اور توقع ظاہر کی کہ تمام ممالک جرمنی کے انتخابی قوانین کا احترام کریں گے۔شنہوا کے مطابق سالانہ سمر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرز سے ایک ایسے امریکی پروگرام کے بارے میں سوال کیا گیا جس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ یورپ میں بعض سیاسی اور سول تنظیموں کی حمایت کرتا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس پروگرام سے جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت آلٹرنیٹو فار جرمنی سے نظریاتی ہم آہنگی رکھنے والے گروہوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔اس پر مرز نے کہا کہ جرمنی نے ہمیشہ امریکی انتخابات میں مداخلت سے گریز کیا ہے، لہٰذا وہ بھی نہیں چاہتے کہ امریکی حکومت یا اس سے وابستہ ادارے جرمن انتخابات میں مداخلت کریں۔انہوں نے کہا کہ جرمنی میں بیرون ملک سے سیاسی جماعتوں کی مالی معاونت قانوناً ممنوع ہے اور انہیں توقع ہے کہ متعلقہ ممالک جرمنی کے قوانین کا احترام کریں گے۔